کسانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے حکومتی اقدامات ،آگاہی مہمات سے آگاہ کرنے رہنمائی کیلئے کمیٹی تشکیل

سوشل میڈیا کسانوں سے روابط اور ان تک رسائی کیلئے آسان اور تیز ترین ذریعہ ہے ‘ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محبوب عالم

جمعرات 5 ستمبر 2019 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال اورسیکرٹری زراعت واصف خورشید کی ہدایت پر کسانوں کو سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکومتی اقدامات ،آگاہی مہمات سے بروقت آگاہ کرنے اور ان کی رہنمائی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن ) محکمہ زراعت محبوب عالم چوہدری کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں کے افسران اور وزیر زراعت کے میڈیا ایڈوائزر شاہد قادر نے شرکت کی۔

کمیٹی کے کنوینر ڈائریکٹراطلاعات رفیق اختر ہوںگے جبکہ محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں کے فوکل پرسنز کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے جن میں شیرافگن، محمد شرجیل اعوان، محمد رفیق ، ندیم چوہدری، غلام کبریا، محمد ریاض اوروقاص ایوب شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ کمیٹی پنجاب کے تمام ڈویژنز میں سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے کسانوں کو حکومت کی جانب سے زراعت کی ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات ، مختلف مدوں میں دی جانے والی سبسڈیز،فصلوں کی بیجائی اور بیماریوں کے حوالے سے آگاہی مہم اورکسانوں کی رہنمائی کے فرائض سرانجام دے گی ۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محبوب عالم چوہدری نے کہا کہ وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کی ہدایت پر کمیٹی کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی غفلت او رکوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا صوبہ بھر میں پھیلے ہوئے کسانوں سے روابط اور ان تک رسائی کے لئے آسان ، موثر اور تیز ترین ذریعہ ہے اور ہم نے اس سے بھرپور استفادہ کر کے اسے زراعت کی ترقی کیلئے بروئے کار لاناہے ۔