جمعیت علماء پاکستان کل ملک بھر میں’’یوم دفاع ویوم ختم نبوت ‘‘ منائیگی

جمعرات 5 ستمبر 2019 19:24

لاہور۔5 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ جمعیت علماء پاکستان ملک بھر میں کل’’یوم دفاع پاکستان ویوم ختم نبوت‘‘ منائے گی ،1965ء میں بھارتی حملے پر پاک افواج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر 6ستمبرکو یوم دفاع پاکستان اور 7 ستمبر1974ء کو علامہ امام شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کی قرار داد پر متفقہ طور پرقادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا تھا، اس نسبت سے علماء و خطباء خطبات جمعتہ المبارک میںیوم دفاع پاکستان اور ختم نبوت کے شہیدوں اورغازیوںکو خراج تحسین پیش کریں گے جبکہ یوم ختم نبوت کے حوالے سے خصوصاً تاجدارگولڑہ پیرسید مہر علی شاہ ، علامہ امام شاہ احمدنورانی صدیقی ؒ، مولانا ابوالحسنات قادری مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی اور عقیدہ ختم نبوت کیلئے بے مثال قربانیاں دینے والے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، اس موقع پر چاروں صوبوں میں جمعیت علماء پاکستان کی ضلعی تنظیمیں ختم نبوت کے عنوان سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کریں گی جن سے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی قائدین، علماء و مشائخ اور دیگر مقررین خطاب کریں گے۔