مقبوضہ وادی کشمیر کی صورتحال ٹھیک نہیں ، بھارتی صحافی نروپما سبرامنیم

مقبوضہ کشمیر کے حال ہی میں دورے کے بعد ٹویٹر پر اظہار خیال

جمعرات 5 ستمبر 2019 19:34

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) ممتاز بھارتی صحافی نروپما سبرامنیم نے کہاہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انڈین ایکسپریس سے وابستہ نروپما نے حال ہی میںمقبوضہ کشمیر کے دورے بعد ٹویٹر پرجاری پیغامات میں وادی کی سنگین صورتحال اور بھارتی حکومت پر کشمیریوں کے غم وغصے کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔

انہوںنے کشمیر کی صورتحال بارے بھارتی میڈیا اور مودی حکومت کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت کشمیر کی صورتحال حکومت اور میڈیا کے دعوئوںکے برعکس بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ کشمیرمیںکسی پر تشدد مزاحمت کا سامنا نہیں ہے تاہم نظام زندگی مکمل طورپر مفلوج ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کے ساتھ گفتگو کے بعد نروپمانے کہاکہ تمام بھارت نوازسیاست دانوںکی گرفتاریوں کے بعدبھارت کا دفاع کرنے کیلئے وادی کشمیرمیںکوئی بھی سیاست دان نہیں بچا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ وادی میںتمام آباد ی اب بھارت کے خلاف ہے ۔ انہوںنے وادی کشمیر کے لوگوں کے حوالے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ بھارت نواز سیاست دانوں کو بھی جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے ، کیونکہ لوگوںکو ماننا ہے کہ انہوںنے اقتدار کی لالچ میںبھارت سے ہمارے مستقل کا سودا کیا۔ نروپما نے کہاکہ اگرچہ پروائیویٹ گاڑیاں سڑکوں پر نظر آتی ہیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ 5اگست کے بعد سے مسلسل بند ہے جب بھارتی حکومت نے دفعہ 370کو منسوخ کر کے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیریوںنے سول کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور ان کے دل جیتنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ انہوںنے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کتنے لوگ سمجھتے ہیں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام سے مسئلہ کشمیر حل ہو گیا ہے ۔زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں اور جیت کی دھند چھٹنے کے بعد واضح ہو جائے گا کہ اب کن چیلنجوں کا سامنا ہے ۔