بھارتی اور افغان ایجنٹ عمر داد خٹک کی گرفتاری کی تفصیلات سامنے آگئیں

جمعرات 5 ستمبر 2019 21:10

پشاور۔05ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای)حکام کا کہنا ہے کہ عمرداد خٹک کو ایف آئی اے اہلکاروں نے طورخم بارڈر پر روکا، عمرداد افغان پاسپورٹ پر افغانستان جارہا تھا اس نے خود کو افغانی باشندہ ظاہر کیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق بھارتی ایجنٹ پاکستانی لہجے میں پشتو بول رہا تھا، دوران تفتیش ایجنٹ نے بتایا کہ اس کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی ہے۔

آن لائن سسٹم پر شناختی کارڈ نمبر چیک کرنے پر عمر داد کا نام ای سی ایل میں ہونے کا انکشاف ہوا، دوہری شہریت ہونے پر بھارتی اور افغانی ایجنٹ عمر داد کو گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق عمرداد خٹک جامعہ پشاور میں اکائونٹس کا طالب علم تھا، وہ 2013 میں تعلیم ادھوری چھوڑ کر افغانستان منتقل ہوا اور 2013 سے 2019 تک افغانستان میں مقیم رہا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کے مطابق عمرداد خٹک افغان انٹیلی جنس ایجنسی (این ڈی ایس)کیلئے کام کررہا تھا، این ڈی ایس کے ساتھ کام کرنے کے دوران عمرداد کے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے تعلقات قائم ہوئے، 'را' اہلکاروں کے ساتھ عمر داد دبئی گیا جہاں اس کی پاکستان مخالف تربیت ہوئی۔

خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی اداری(ایف آئی ای)نے 22 اگست کو طورخم سے ضلع کرک کے رہائشی عمر داد نامی افغان ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا جس نے غیر قانونی طریقے سے افغانی شہریت لے رکھی ہے اور افغان پاسپورٹ پر وہ 5 بار بھارت جاچکا ہے۔افغان اور بھارتی ایجنسیز کے ایجنٹ عمر داد کا کیس محکمہ انسداد دہشت گردی کو سپرد کردیا گیا ہے جس سے تحقیقات میں پتا چلایا جائے گا کہ عمر داد 5 بار بھارت کیوں گیا اس کے کتنے اثاثے ہیں ملک بھر میں کتنے بینک اکانٹس ہیں۔