لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میںیوم دفاع کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 5 ستمبر 2019 22:33

لاہور۔5 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) کشمیر کی جغرافیائی، اقتصادی اور سٹریٹجک اہمیت ہمیشہ سے غیرمعمولی رہی ہے ۔قائد اعظم محمد علی جناح نے اسے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور پاکستان کی مسلح افواج اپنی شہ رگ کی حفاظت کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہارلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میںیوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میںمقررین نے کیا۔

پولیٹکل سائنس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام سیمینار میں دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر(ر) محمد عرفان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا( تمغہ امتیاز)، چیئرپرسن پولیٹکل سائنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر قمر فاطمہ اور شبنم گل نے اظہار خیال کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر بشریٰ مرزانے کہا کہ وطن عزیز پاکستان مسلح افواج اور ہمارے بزرگوں کی بے پناہ قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا‘1965میں پاکستان کی شیر دل افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن عزیز کا کامیابی سے دفاع کیا‘ نوجوان نسل کو ان قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کا تقاضا ہے‘ زندہ قومیںاپنی تاریخ کو یاد رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ لاہور کالج ایشیا کی سب سے بڑی ویمن یونیورسٹی ہے اوریہاں ویمن ایجوکیشن کو زیادہ منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے‘ نئی نسل کو تحریک پاکستان ،دفاع پاکستان اور اس کی راہ میں جان دینے والوں کے کردار سے روشناس کرانا وقت کا تقاضا ہے۔ بریگیڈئر محمد عرفان نے کہا کہ پاک فوج کی صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے۔ عوام کی سپورٹ سے محاذ پر جانے والوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔انہوں نے طالبات کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے آگاہی کا لیکچر بھی دیا۔