اسلام آباد مارچ کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں، تاریخ کا تعین مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمن

جمعرات 5 ستمبر 2019 22:33

اسلام آباد مارچ  کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں، تاریخ کا تعین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) جمعیت علماء اسلام( ف) کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں، تاریخ کا تعین مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ مارچ کی تیاری کے لئے 6 رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں،کشمیر کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے جذبے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر جمعیت علماء اسلام کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی، مولانا اسعد محمود سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔اکرم درانی سیاسی، جلال الدین ایڈووکیٹ سفراء ، حاجی غلام علی تاجروں، کامران مرتضی وکلاء، اسلم غوری میڈیا جبکہ علماء کے لیے خواجہ مدثر سلیمانی رابطہ کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے جذبے کا خیر مقدم کرتے ہیں انکے بیان سے ہمارے جذبے جوان ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا بیان قابل تحسین ہے اور ہماری دعا ہے ریاست اسی پالیسی پر مستحکم رہے۔