معروف ٹی وی اداکار اور پروڈیوسر عابد علی انتقال کر گئے

عابد علی گزشتہ دو ماہ سے شدید علیل اور ہسپتال میں زیر علاج تھے، جمعرات کی شام دارِ فانی سے کوچ کر گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 5 ستمبر 2019 20:37

معروف ٹی وی اداکار اور پروڈیوسر عابد علی انتقال کر گئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2019ء) معروف ٹی وی اداکار اور پروڈیوسر عابد علی انتقال کر گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عابد علی گزشتہ دو ماہ سے شدید علیل اور ہسپتال میں زیر علاج تھے اور وہ جمعرات کی شام دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ گزشتہ چند روز سے لیجنڈری ایکٹر عابد علی کی موت سے متعلق افواہیں گردش میں تھیں جبکہ ان کی صاحبزادی نے کئی بار ان کی تردید بھی کی تھی۔

اب عابد علی وفات پا گئے ہیں۔ عابد علی نے کئی فلموں اور ڈرامہ سیریز میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہوں نے پاکستان ٹی وی سے بہت شہرت پائی، آج پاکستانی ڈرامہ اور فلم میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے یہ اداکار 67سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ عابد علی کی اہلیہ نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انکی بیٹی رحمہ علی نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے ان کے والد کو جواب دے دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ عابد علی کا انتقال ہوگیا جس کی بعد انہوں نے تردید کی تھی تاہم اب انکی اہلیہ نے تصدیق کر دی ہے کہ عابد علی اس دنیا میں نہیں رہے۔

شوبز اور تمام حلقوں نے عابد علی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ واضح رہے کہ عابد علی جگرکےعارضے میں مبتلا تھے۔