ہزارہ یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبہ جات کا 30 جون 2018ء تک کا ’’پرفارمنس آڈٹ‘‘ مکمل ہو گیا

جمعرات 5 ستمبر 2019 22:35

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) صوبائی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے مختلف تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبہ جات کا 30 جون 2018ء تک کا ’’پرفارمنس آڈٹ‘‘ مکمل ہو گیا۔ صوبائی حکومت نے ایک مراسلہ کے ذریعہ صوبہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو کارکردگی کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے نجی فرموں سے آڈٹ کروانے کی ہدایت کی تھی جن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہزارہ یونیورسٹی نے اپنے تمام تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں کا آڈٹ کروایا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں یونیورسٹی کے ڈینز اور انتظامی شعبوں کے سربراہان کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نجی آڈٹ فرم کی مرتب کردہ آڈٹ رپورٹ پر غور کیا گیا۔ وائس چانسلر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی جو تعلیمی و انتظامی حوالوں سے تھی، کو تسلی بخش قرار دیا گیا جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ فیکلٹی، افسران اور ملازمین کی قابلیت اور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ہر شعبہ میں مزید ترقی و بہتری لائی جائے تاکہ یہ ادارہ ملکی سطح پر مزید بہتر پوزیشن حاصل کر سکے۔

متعلقہ عنوان :