ڈینگی کو روکنے کیلئے محکمہ صحت ، ضلعی انتظامیہ و متعلقہ محکمے جاری اقدامات اور کارروائیوں کی رپورٹس بارے روزانہ آگاہ کریں ، چودھر ی محمد علی رندھاوا

ڈینگی سے بچاؤ کیلئے عوام میں آگاہی کیلئے مہم کو مزید تیز کیا جائے ،سکولوں اور کالجوں میں زیرو پیریڈ میں طلباء کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے اور مختلف جگہوں پر بینرز آویزاں کئے جائیں ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت

جمعرات 5 ستمبر 2019 22:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے محکمہ صحت ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری اقدامات اور کاروائیوں کی رپورٹس کے بارے میں انہیں روزانہ آگاہ کریں تاکہ ڈینگی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے نئی حکمت عملی وضع کی جاسکے -یہ بات انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں آرڈی اے ، محکمہ تحفظ ماحولیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترسہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لئے ریڈ کریسنٹ ہسپتال میں 70 بیڈز کا انتظام کر لیا گیا ہے اور مزید 30بیڈز کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے - چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے عوام میں آگاہی کے لئے مہم کو مزید تیز کیا جائے اور سکولوں اور کالجوں میں زیرو پیریڈ میں طلباء کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے اور مختلف جگہوں پر بینرز آویزاں کئے جائیں - انہوں نے مزید کہا کہ شہر سے ڈینگی کے خاتمے کے لئے گوجرانوالہ سے بھی فوگر مشینوں کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا اور مچھر کی افزائش کے مقامات پر تمام متعلقہ محکمے کاروائی کر رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے زیرتعمیر عمارات جن کے نچلے حصے میں پانی جمع تھا ان کے مالکان کو نوٹس دیئے ہیں اور ایف آئی آر بھی درج کروائی جا رہی ہیں- ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ ماحولیات نے کباڑ خانوں کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ ڈینگی کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے - انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کاروائیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے اور کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی -