Live Updates

مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اب پاکستان کو انتظار نہیں کرنا چاہیے،شہید بھٹو فائونڈیشن

ٹرمپ، مودی اور عمران خان کے فیصلے سے ایک کشمیر بھارت کا دوسرا ہمارا ہوگیا ، میر حاصل بزنجو ،میاں افتخار حسین

جمعرات 5 ستمبر 2019 23:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) شہید بھٹو فاؤنڈیشن کی جانب سے کشمیر تنازعہ پر ڈائیلاگ پروگرام میں شرکاء نے کہاہے کہ 1971میں اندرا گاندھی نے اقوامِ متحدہ کو خط لکھا تھا کہ مشرقی پاکستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اس لیے بھارت مداخلت کیلئے جا رہا ہے،اس وقت مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اب پاکستان کو انتظار نہیں کرنا چاہیے۔

شہید بھٹو فاؤنڈیشن کی جانب سے تنازعہ کشمیر پر ڈائیلاگ پروگرام میں نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ستر سالوں کے دوران ہم نے بھارت کی مخالفت ضرورت کی لیکن کشمیریوں کی حمایت نہیں کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کشمیر کی قومی تحریک کی حمایت نہیں کی ،آج بھی بھارت کی سول سوسائٹی کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ،پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر واضح موقف اختیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے اپنی جدوجہد کو تازہ رکھا ہے، باچا خان نے انیس سو اڑتالیس میں کہا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے تیار ہے ،انہوں نے کہا کہ مودی نے اکثریت کے بل بوتے پر غیر آئینی کام کیا، ٹرمپ، مودی اور عمران خان کے فیصلے سے ایک کشمیر بھارت کا دوسرا ہمارا ہوگیا ۔عمران خان نے تو مشرف فارمولے پر عمل کیا، ہماری خارجہ پالیسی کے باعث ہمارے دوست ناراض ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کے باعث چین ناراض ہوگیا، کشمیر کو اسلامی کے بجائے انسانی مسئلہ بناؤ تاکہ دنیا آپ کا ساتھ دے، پروگرام سے چوہدری امجد اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات