حکومت عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے، اسد عمر

دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے ترقیاتی کام جاری رہیں گے، رکن قومی اسمبلی کا گائوں نون میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعرات ستمبر 23:26

حکومت عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے، اسد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ان کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے اور بالخصوص دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے ترقیاتی کام جاری رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارحلقہ این اے 54کے ایم این اے اسد عمر نے اپنے حلقہ کے گاوں نون میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق نون گاوں میں 5.9ملین کی لاگت سے تعمیر ہونے والی گیس پائپ لائن 18کلومیٹر طویل ہوگی جس سے علاقہ مکین مستفید ہونگے۔

اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حلقہ کہ پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کیے رکھا۔ تحریک انصاف عوام کی حقیقی نمائیندہ جماعت ہے اور نون گاوں میں سوئی گیس کے آنے کے بعد علاقہ کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

لوگوں کی بڑی تعداد اس سہولت سے مستفید ہوگی۔ حلقہ این اے 54بالخصوص دیہی علاقوںکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

رواں مالی سال میں ان علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی پیکیج مختص کیا گیا ہے جس میں گیس، بجلی، پانی، سڑکیں، سکولز اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی کام ہونگے۔ دریں اثنا این اے 54کے گیس کوآرڈینیٹر ملک عثمان کی کاوشوں کو اسد عمر نے سراہا۔ افتتاح کے موقع پر مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور لوگوں نے اسد عمر کا شکریہ بھی اداکیا۔