وہاڑی: نواحی علاقہ تھانہ لڈن کی حدود میں چوری کے الزام پر پولیس کا مقامی زمیندار کی ایماء پر غریب محنت کش کے گھر پر دھاوا

پولیس اہلکاروں اور زمیندار کے غنڈوں نے گھر میں موجود خواتین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے خواتین کے کپڑے پھاڑ دئیے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 6 ستمبر 2019 10:24

وہاڑی: نواحی علاقہ تھانہ لڈن کی حدود میں چوری کے الزام پر پولیس کا مقامی ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،6 ستمبر 2019 ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) نواحی علاقہ تھانہ لڈن کے محلہ امام بارگاہ میں چوری کے الزام پر پولیس کا مقامی زمیندار کی ایماء پر غریب محنت کش کے گھر پر دھاو بول دیا۔سول کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار اور مقامی زمیندار کے غنڈے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے محمد یار نامی محنت کش کے گھر میں داخل ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں اور زمیندار کے غنڈوں نے گھر میں موجود خواتین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے خواتین کے کپڑے پھاڑ دئیے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ مقامی زمیندار ایاز دولتانہ نے تھانہ لڈن میں نامعلوم افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرورکھا ہے اورچوری کا الزام لگاکر ہمارے گھر پر دھاوا بولا گیا۔ پولیس اہلکار اور مقامی زمیندار ایاز دولتانہ کے غنڈے حاملہ خاتون کو بھی صحن میں گھسیٹتے رہے اور ظہور الٰہی نامی خاتون کو چوری کے الزام میں گھر سے اُٹھاکر لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس سے قبل ایاز دولتانہ نے سہیل نامی نوجوان کو بھی چوری کے الزام میں گرفتار کروارکھا ہے جس پر مبینہ طور پر پولیس نے بہیمانہ تشدد کیا ہے اور حالت غیر ہونے پر نوجوان کو ملتان کی نجی ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔ متاثرین کا لڈن پولیس اور مقامی زمیندار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔مظاہرین خواتین نے زاروقطار روتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی ثاقب سلطان المحمود سے نوٹس لیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔