وقار یونس کو بطور باﺅلنگ کوچ ماہانہ کتنی تنخواہ دی جائے گی؟ حیر ت انگیز انکشاف

لیجنڈری پیسر کو20لاکھ روپے کا پیکج دیا جائیگا،اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوجائینگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 ستمبر 2019 15:53

وقار یونس کو بطور باﺅلنگ کوچ ماہانہ کتنی تنخواہ دی جائے گی؟ حیر ت انگیز ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نو منتخب باﺅلنگ کوچ اور ماضی کے عظیم ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر وقار یونس بہت جلد اپنے اہل خانہ کے ساتھ سڈنی سے لاہور منتقل ہوجائیں گے جنہیں پی سی بی نے 20 لاکھ روپے ماہانہ کا پرکشش پیکیج دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق وقار یونس کو مصباح الحق کی طرح ابھی تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوچنگ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

وقار یونس گزشتہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک تھے اور ان کی موجودگی میں اسلام آباد نے پی ایس ایل ٹرافی بھی جیتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق آئندہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کریں گے جبکہ وقار یونس نے پی ایس ایل سے متعلق ابھی بورڈ سے اجازت نہیں مانگی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وقار یونس پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باﺅلرز کے علاوہ قومی اکیڈمی میں کام کریں گے اور ڈومیسٹک میچوں میں بھی جائیں گے جس دوران وہ نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کریں گے جہاں ان پر قومی اکیڈمی میں مزید کام کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس نے کمنٹری کے اسائنمنٹ چھوڑ کر پاکستانی باﺅلرز کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی ہے اور وہ کئی سالوں سے سڈنی میں رہتے ہیں لیکن پی سی بی کیساتھ معاہدہ ہونے کے بعد اب وہ اپنی اہلیہ ڈاکٹر فریال، دو بیٹیوں اور بیٹے کیساتھ مستقل طور پر لاہور منتقل ہو رہے ہیں۔