ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس ) پنجاب رانا علی ارشد کا راولپنڈی کا دورہ

جمعہ 6 ستمبر 2019 18:09

لاہور۔6 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2019ء) پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر جعلی زرعی ادویات اور کھاد مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے راولپنڈی میں زرعی ٹاسک فورس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت اور ٹاسک فورس عملہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے موقع پر کہی، انہوں نے کہا کہ ہم نے تین ماہ کے مختصر عرصہ میں 20 کروڑ روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضہ میں لے کر اس گھنائونے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 10 جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مار کر انہیں بند کیا گیا، کھاد کے گراں فروشوں کو 2 کروڑ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ پنجاب زرعی ٹاسک فورس نے شکایات درج کرانے کا نیا سسٹم متعارف کرایا ہے، اب کاشتکار اپنے موبائل فون سے بذریعہ ایس ایم ایس/ واٹس ایپ اپنی شکایات حکام اعلیٰ تک پہنچا سکتا ہے، جس پر 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس وقت پنجاب بھر میں زرعی ادویات اور کھادوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور کاشتکاروں کو ان زرعی مداخل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے انسپکٹرز اور فیلڈ سٹاف سے کہا کہ تمام فیلڈ سٹاف بلا خوف و خطرہ ایمانداری کے ساتھ اپنا کام سر انجام دیں، اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی سجاد حیدر نے بتایا کہ رواں سال راولپنڈی ڈویژن میں مقررہ قیمت سے زائد کھادوں کی فروخت پر 7 لاکھ 23 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے اور اس کے علاوہ 17 جعلی کھادوں کا کاروبار کرنے والے ڈیلروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئیں، اس وقت انسپکٹرز مسلسل کھاد ڈیلروں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈ راولپنڈی سخی محمد نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں اس سال 14 لاکھ 70 ہزار 633 روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضہ میں لی گئیں جن میں سے 6 لاکھ 90 ہزار 6سو 33 روپے کی ضلع راولپنڈی سے قبضہ میں لے کر ڈیلروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، اس کے علاوہ 12 زرعی ادویات ڈیلروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔