قومی سلامتی کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا، سید رفاقت علی گیلانی

جمعہ 6 ستمبر 2019 19:45

لاہور۔6 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے اپنے آبائی شہر میں یوم یکجہتی کشمیر اور شہداء 6ستمبر کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور شہداء ستمبر کی یاد میں پرچم کشائی بھی کی۔سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پوری قوم سڑکوں پر ہے،مودی نوشتہ دیوار پڑ ھ لے۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،کشمیر کی آزادی کی گھڑی آ گئی ہے ۔پاکستانی قوم نے پیغام دے دیا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہے،پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم ہٹ دھرمی چھوڑ کر نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ اب وہ زیادہ دیر تک مظلوم کشمیریوں کو ظلم وستم اور جبر سے دبا نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

کشمیرکی آزادی کی گھڑی آن پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وزیادتی اور درندگی کی انتہا کر دی ہے۔بھارت کی ہٹ دھرمی خطے کے امن کے لئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی درندوں کے نہتے کشمیریوں پر مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کو حل کرائے۔

پاک افواج کے جوانوں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ6ستمبر یوم دفاع وطن کی مٹی کے ساتھ وفا کی تجدید کا دن ہے۔قومی سلامتی کے لئے پاک فوج کی دشمن ملک سے جنگ ا ور اس کے نتیجہ میں شہدا کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔وطن پر جان لٹانے کا جذبہ آج بھی د لوں کو گرماتا ہے ۔آج ہماری نئی نسل ہماری فوج اوراپنے اسلاف کی ان قربانیوں سے نا بلد ہے ۔

ا ن کو پاک بھارت جنگ سے آگاہی دینا انتہائی ضروری ہے۔تاکہ ہماری نئی نسل دشمن کی مکاریوںاور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے مکمل باخبر رہ سکے۔اس سلسلے میںہمیںاپنی نئی نسل کو با قاعدگی سے 14اگست یوم پاکستان، بھارت کے ساتھ 6ستمبر 1965 اور دسمبر1971کی جنگوں بارے پاک فوج اور لوگوں کی پاک وطن کی حفاظت کے لئے پیش کی جانے والی قربانیوں بار ے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن وطن کی حفاظت کے لئے اسی جذبے کی تجدید کا دن ہے جس نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کے عزائم خاک میں ملا کر جرائت و بہادری کی نئی داستان تاریخ میں رقم کی۔