جامعہ سندھ ، انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اور ڈیزائن اینڈ یوتھ پارلیمنٹ کے مشترکہ تعاون سے یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا

جمعہ 6 ستمبر 2019 23:48

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2019ء) جامعہ سندھ کے بیورو آف اسٹیگس، انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اور ڈیزائن اینڈ یوتھ پارلیمنٹ کے مشترکہ تعاون سے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر قومی جوش و جذبے منایا گیا اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں یوم دفاع کے موضوع پر انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ و طلباء کی جانب سے تیار کی گئی پینٹنگز، پوسٹرز اور اسکیچز کی نمائش منعقد کی گئی جس کا افتتاح شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کیا، جبکہ برگیڈیئر محمد تقی اجا نے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی وائس چانسلر اور معزز مہمان نے وہاں پر رکھے گئے فنپاروں کی بہت زیادہ تعریف کی اور انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ، طلباء و طالبات کے قومی جذبے و محنت کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر سعید احمد منگی نے معزز مہمانان کو نمائش میں رکھی گئی پینٹنگز، پوسٹرز اور اسکیچز کے بارے میں تفصیلی معلومات دی پینٹنگز، پوسٹرز اور اسکیچز میں وطن کے عظیم شہداء کی شخصیت، بہادری، قومی جذبے اور جنگی حکمت عملی کی انتہائی خوبصورت انداز میں عکاسی کی گئی تھی۔ یوم دفاع کے موقع پر ایک اہم تقریب آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی، جبکہ مہمان خصوصی یوتھ پارلیمنٹ کے بانی اور مشہور اینکر پرسن رضوان جعفر تھے۔

’’پاکستان کے شہیدوں کو سلام‘‘ کے زیر عنوان اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے سلوگن سے منعقد تقریب کو صدارتی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھولتیں، وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پاک فوج کے عظیم شہداء کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے آج ان شہیدوں سے عہد کا دن ہے کہ ہم اس عظیم وطن کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور خون کا آخری قطرہ بھی اس عظیم سرزمین کیلئے حاضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، ان جیسی بہادری، ہمت اور جرئت کی کہیں بھی مثال نہیں ملتی۔ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں اپنا سینا سپر کرکے اس ملک اور قوم کی حفاظت کی ہے، آج ہم پاک فوج کے اس جذبے اور قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں، ان کی جدوجہد اور قربانیاں کبھی بھی رائیگان نہیں جائیں گی اور ایک دن کشمیر پاکستان ضرور بنے گاوائس چانسلر نے اس موقع پر تقریب میں شریک پاک فوج کے شہید جوان واجد علی بہن کے بھائی اور جامعہ سندھ کے استاد رونق علی بہن اور شہید کفایت حسین کی بیٹی ابیہا کفایت حسین کو تقریب میں شریک ہونے پر خوش آمدید کہا اور انہیں اجرک پہنایا اور شہیدوں کی قربانی اور ان کے جذبے کو سلام پیش کیا۔

شہیدوں کے بھائی اور بیٹی کے اسٹیج پر آنے پر پورا ہال ان کے استقبال میں کھڑا ہوگیا اور تالیاں بجاکر انہیں داد دی۔اس موقع پر وائس چانسلر نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر ان کے آرگنائزرز کو مبارکباد دی تقریب کے آغاز میں بیورو آف اسٹیگس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا عمرانی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں شریک مہمانان کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی انہوں نے اپنے خطاب میں وطن کے عظیم شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئرمین رضوان جعفر نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی عظیم نعمت ہے، یہ ملک بڑی قربانیوں سے حاصل ہوا ہے، اس کے دفاع میں بھی عظیم قربانیاں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ وطن کے عظیم شہیدوں کو جتنا بھی سلام پیش کیا جائے وہ کم ہے، پوری قوم کشمیر مسئلے پر حکومت اور پاک فوج کے ساتھ ہے اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی کوششوں اور قومی جذبے کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر برفت کے دور میں ناصرف یونیورسٹی میں تدریسی و انتظامی معیار بہتر ہوا ہے لیکن قومی دنوں کے موقع پر شاندار اور یادگار پروگرام بھی منعقد ہوئے ہیں تقریب میں قومی ترانے کے ساتھ وطن سے عقیدت کے اظہار کے طور پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات، سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو اور ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے بچوں نے تقریریں، ملی نغمیں اور ڈرامیں پیش کیے۔

خصوصی طور پر طالبہ ماہم بخاری کے ملی نغمے کو بہت زیادہ پسند کیا گیا، جبکہ بیورو آف اسٹیگس کی ٹیم کی جانب سے 1965ء کی جنگ کے پسمنظر میں پیش کیا گیا ڈراما، جس میں قومی جذبی، قربانی، ہمت و صبر کی بھرپور عکاسی کی گئی تھی، کو بھی بہت زیادہ سراہا گیا آخر میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن کے ڈائریکٹر پروفیسر سعید احمد منگی نے ووٹ آف تھینکس کہا۔

اس موقع پر پینٹنگز، پوسٹرز اور اسکیچز کی نمائش میں حصہ لینے والوں سمیت بیورو آف اسٹیگس کی ٹیم کو سرٹیفکیٹ دیے گئے اس تقریب کی نظامت کے فرائض شعبہ انگریزی کی طالبات مس کشف خان، بسمہ صدیقی اور روشنی انور نے سرانجام دیے۔ نمائش اور تقریب میں جامعہ سندھ کی آرٹس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالغنی شیخ، سوشل سائنسز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر زرین عباسی، کنٹرولرز سالانہ امتحانات غلام مرتضیٰ سیال، اور کاشف ناریجو سمیت طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔