یمن جنگ کے معاملے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات آمنے سامنے آگئے

سعودی حکومت تاحال یمنی صدر منصور ہادی کی حامی، جبکہ اماراتی حکومت باغی گروپ کی حمایت پر بضد

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 ستمبر 2019 23:13

یمن جنگ کے معاملے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات آمنے سامنے آگئے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 ستمبر2019ء) یمن جنگ کے معاملے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات آمنے سامنے آگئے، سعودی حکومت تاحال یمنی صدر منصور ہادی کی حامی، جبکہ اماراتی حکومت باغی گروپ کی حمایت پر بضد ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی برس سے جاری یمن جنگ کو لے کر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے صدر منصور ہادی کی حمایت کی جا رہی ہے۔

جبکہ متحدہ عرب امارات مسلسل جنوبی یمن کے باغیوں کی حمایت اور مدد کر رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے وارننگ جاری کرتے ہوئے تلقین کی گئی ہے کہ اگر منصور ہادی حکومت کیخلاف کسی قسم کا جارح قدم اٹھایا گیا تو اسے سعودی عرب کی سالمیت کیخلاف اقدام تصور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے ایسی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں سخت ترین ایکشن لینے کی دھمکی دی ہے۔

سعودی عرب نے تمام فریقین کو تلقین کی ہے کہ وہ آپس میں الجھنے کی بجائے متحد ہو جائیں اور حوثی باغیوں سے یمن کے زیر قبضہ علاقے چھڑوانے کی جدوجہد کریں گے۔ یہاں واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رواں برس یمن سے اپنے ہزاروں فوجی واپس بلا لیے تھے۔ جبکہ اماراتی حکومت نے جنوبی یمن کے باغیوں کو بھرپور عسکری امداد فراہم کی ہے۔ یہی اقدامات دونوں برادر خلیجی ممالک کے درمیان اختلافات کا باعث بن گئے ہیں۔