اماراتی ریاست عجمان کے کئی علاقوں میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا

ہزاروں افراد پانی کی اچانک بندش کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 ستمبر 2019 14:16

اماراتی ریاست عجمان کے کئی علاقوں میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،7 ستمبر 2019ء) اماراتی ریاست عجمان کے کئی علاقوں میں گزشتہ رات سے پانی کی شدید کمی ہو گئی ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ اماراتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بعض علاقوں میں جمعرات کی شام سے پانی نہیں آ رہا۔ جبکہ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پر گزشتہ رات سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس وقت رشیدیہ اور نُعیمیہ میں رہنے والے پانی کی بندش کے باعث پریشانی کا شکار ہیں جبکہ عجمان کارنیشے کے بعض علاقوں کے مکین بھی اسی تکلیف دہ صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں۔

نعیمیہ کی رہائشی ایک پاکستانی خاتون نجمہ نے بتایا کہ پانی کی اس شدیدقلت کے باعث تمام گھر والے بہت پریشان ہیں، جس کے باعث انہیں ضروری کاموں کے لیے باہر سے پانی کے گیلن خریدنے پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر پانی کی یہ بندش محکمے کی جانب سے کسی مرمتی کام کے سلسلے میں کی گئی ہے تو پھر محکمے کی جانب سے رہائشیوں کو اس حوالے سے آگاہ کرنا چاہیے تھا، تاکہ ہم لوگ اپنا متبادل بندوبست کر لیتے اور پانی کا ذخیرہ اکٹھا کر لیتے۔

اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ بہت سارے گھروں میں نہ تو کھانا پکانے کے لیے پانی ہے اور نہ واش رُومز میں کوئی ذخیرہ موجود ہے۔ بیس گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے، مگر پانی کی سپلائی بحال نہیں ہو سکی، ہم اس قدر پریشان ہیں کہ کچھ سمجھ نہیں آ رہی۔ کئی مکین پانی کی اس بندش کی وجہ سے اپنے جاننے والوں اور رشتے داروں کے گھر میں چلے گئے ہیں، تاکہ جب تک پانی کی سپلائی بحال نہ ہو، وہ وہیں پر وقت گزار لیں۔علاقے میں گزشتہ رات کو پانی کا ٹینکر آیا تھا، وہیں سے لوگوں نے تھوڑا بہت پانی خرید کر کام چلا لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :