Live Updates

آزادکشمیر پر حملے کے خواب دیکھنے والے ہندوستانی حکمران احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں،سردار عتیق احمدخان

آزادکشمیر کے عوام نے یہ خطہ اپنا لہو د ے کر حاصل کیا ہے ، آج بھی عوام جرات کے ساتھ ہندوستانی فائرنگ کا مقابلہ کر رہی ہے، مختلف عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ ستمبر 15:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ آزادکشمیر پر حملے کے خواب دیکھنے والے ہندوستانی حکمران احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں، آزادکشمیر کے عوام نے یہ خطہ اپنا لہو د ے کر حاصل کیا ہے ، آج بھی عوام جرات کے ساتھ ہندوستانی فائرنگ کا مقابلہ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلہ کے دورہ کے دوران پٹہکہ ،کہوڑی، بھیڑی،منڈگراں،منڈل، چھلپانیاں اور دیگر مقامات پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے تشخص پر حملہ کر کے ہماری عزت کو للکارا ہے ۔ یہ پاکستان کی عزت وقار کا سوال بھی بن گیا ہے اس لیے اب ہندوستان کو جواب دینا ناگزیر ہوتا جا رہاہے مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام کو محصور رکھ کر ہندوستان اپنے انجام کو زیادہ دیر تک روک نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو کسی لمحہ کا انتظار کیے بغیر پہلے مرحلے پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اگر کوئی المیہ رونما ہوا تو آزادکشمیر کے عوام تماشائی بن کر یہ سب کچھ نہیں دیکھیں گے بلکہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان حالات کی ذمہ داری اقوام عالم پر ہوگی ۔سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مودی کی صورت میں ہندوستان میں ایک اور ہٹلر پیدا ہوچکا ہے یہ ہٹلر ہندو قوم پرستی کو ہوا دے کر ردعمل پیدا کر رہاہے جس کا نتیجہ برصغیر کی تباہی کی صورت میں نکل سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کریں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت پر سب سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور اسی بنیاد کو مضبوط بنا کر ہندوستان کی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکڑے ٹکڑے ہونا ہندوستان کا مقدر بن چکا ہے۔آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے گزشتہ روز حلقہ کوٹلہ کا دورہ کیا،دورہ کے دوران مختلف مقامات پر وفات پانے افراد کے گھر کا کر لواحقین سے اظہار تعزیت اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔

دورہ کوٹلہ دوران سردار عتیق احمد خان نے کہوڑی میں مسلم کانفرنس مجلس عاملہ کے ممبر مقصود چغتائی کے بھائی الطاف چغتائی کی وفات پر ان کے گھر جاکر ان سے اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔بعدازاں منڈگراں میں مسلم کانفرنس مجلس عاملہ کے ممبر میر نصیر کے گھر جاکر ان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور ظہرانے میں شرکت کی۔

بٹ درہ کے مقام پر ٹھیکیدار میر حسن کے بھائی میر اورنگزیب کی وفات پر ان کے گھر جاکر ان سے اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔اس کے بعد قائد مسلم کانفرنس بھیڑی کے مقام پر مسلم کانفرنسی راہنما میر یوسف کے گھر جاکر ان کے صاحبزادگان میر شبیر حسین اور میر عبدالرحمان سے ان کی وفات پر ان کے اہلخانہ سے اظہا رتعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔واپسی پر پٹہکہ کے مقام پر سعود اعوان کے والد سرور اعوان کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

چہلپانی کے مقام پر مسلم کانفرنس مجلس عاملہ کے ممبر یاسین عباسی کے گھر جاکر ان کے والد کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزراء کرام مفتی منصورالرحمن،سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید،ڈویژنل صدر میر عتیق الرحمن،خواجہ محمد شفیق،سید خالد گیلانی،بشارت مغل،سجاد انور عباسی،سیٹھ کریم اللہ،میر امتیاز،سلیم اعوان،یاسر گیلانی،وحیدر مغل، راشد عباسی،نوید مغل،یاسر کاظمی،جاوید عباسی اور دیگر بھی موجود دتھے۔
تنازعہ مقبوضہ کشمیر کی بھڑکتی ہوئی آگ سے متعلق تازہ ترین معلومات