بھارتی خلائی مشن کے ناکام ہونے پر عالمی میڈیا کا رد عمل

بھارت کا خواب آخری لمحات میں مکمل نہ ہوسکا ،لینڈر مشین کچھ فاصلے سے قبل ہی خلائی ادارے سے منقطع ہوگئی،رپورٹ

ہفتہ 7 ستمبر 2019 17:04

بھارتی خلائی مشن کے ناکام ہونے پر عالمی میڈیا کا رد عمل
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2019ء) بھارتی خلائی مشن کے ناکام ہونے پر عالمی میڈیا کا رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ لینڈر مشین کے لاپتہ ہونے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں اور یہ بھی پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ وہ کہاں ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے نے چندریان ٹو کی ناکامی کی خبر کو شہ سرخی کے طور پر شائع کیا اور اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خلائی مشن کی ناکامی کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی نے سائنسدانوں پر فخر کا اظہار کیا۔

رپورٹ میں کہاگیاکہ بھارتی خلائی مشن چند منٹ کی دوری پر ناکام ہوگیا تاہم نریندر مودی نے مشن کی ناکامی کے باوجود سائنسدانوں کو تسلی دی اور کہا کہ ایسے مزید مواقع آئیں گے۔امریکی اخبار نے بھی چندریان ٹو کی ناکامی کی خبر کو اہم خبر کے طور پر شائع کیا اور لکھا کہ بھارت کے خلائی مشن کی لینڈر مشین چاند کے جنوبی قطب حصے میں اترنے سے قبل ہی لاپتہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

اخبار نے بھارت کے خلائی مشن کو اچھی کوشش قرار دیتے ہوئے لکھا کہ لینڈر مشین کے لاپتہ ہونے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں اور یہ بھی پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ وہ کہاں ہے۔امریکی نشریاتی ادارے نے بھی بھارتی خلائی مشن کی ناکامی کی خبر کو اہم خبر کے طور پر شائع کیا اور لکھا کہ چندریان ٹو کا منزل پر پہنچنے سے کچھ دیر قبل ہی خلائی ادارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

امریکی نشریاتی ادارے نے لکھا کہ چندریان ٹو درست سمت میں آگے بڑھ رہا تھا، تاہم چاند کے جنوبی قطب حصے سے محض سوا 2 کلو میٹر کی دوری پر لینڈر مشین کا خلائی تحقیقاتی ادارے سے رابطہ منقع ہوگیا۔فرانس کے معروف اخبار نے بھی بھارتی خلائی مشن کی ناکامی کو اہم ترین خبر کے طور پر شائع کیا اورچندریان ٹوکی ناکامی کو ٹوٹے ہوئے خواب سے تعبیر دی۔

اخبار نے لکھا کہ بھارت کا خواب آخری لمحات میں مکمل نہ ہوسکا اور خلائی لینڈر مشین اپنی آخری منزل سے کچھ فاصلے سے قبل ہی خلائی ادارے سے منقطع ہوگئی۔اسرائیلی اخبار نے بھی بھارتی خلائی مشن کی ناکامی کی خبر کو شائع کیا اور لکھا کہ انڈیا کے چاند مشن کا منزل پر پہنچنے سے قبل زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا۔اخبار نے لکھا کہ چدریان ٹو کو چاند کے جنوبی قطب حصے میں برف، پانی، ہوا اور انسانی زندگی کے لیے موزوں مواقع کے شواہد ڈھونڈنے کے لیے بھیجا گیا تھا، تاہم اس کی لینڈر مشین منزل پر پہنچنے سے قبل لاپتہ ہوگئی۔

عرب نشریاتی ادارے نے بھی چندریان ٹو کی ناکامی کو اپنی 5 بڑی خبروں میں شامل کیا اور لکھا کہ خلائی مشن کی ناکامی پر بھارت کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔رپورٹ میں کہاگیاکہ بھارت کو مکمل امید تھی کہ اس بار اس کا خواب پورا ہوگا، تاہم خلائی لینڈر مشین کے ڈسکنیکٹ ہوجانے سے بھارت کی امیدیں ایک بار پھر ٹوٹ گئیں۔