فلوریکلچر شعبے پر 3برس میں 451.725ملین روپے خرچ کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 7 ستمبر 2019 17:31

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2019ء) زرعی ماہرین نے کہاہے کہ پھولوں کی 67بلین ڈالر کی مارکیٹ میں پاکستان سے 37.5ملین روپے کے پھول ایکسپورٹ جبکہ 1229ملین روپے کی فلوریکلچر مصنوعات درآمد ات کی جارہی ہیں۔ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کوبتایاکہ اس وقت پنجاب میں تقریباًً14ہزار ایکڑ رقبہ پھولوں کے زیر کاشت ہے جس میں سے 6823ایکڑ رقبہ پر سرخ گلاب کاشت کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت پنجاب نے فلوریکلچر شعبے کی ترقی پر 3برسوں میں 451.725ملین روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس رقم میں 400ملین روپے حکومت پنجاب سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فراہم کرے گی جبکہ 51.725ملین روپے پھولوں کے کاشتکاروں کا حصہ ہو گا۔اس اہم منصوبہ کے تحت 150نمائشی پلاٹس لگائے جائیں گے جن میں 32سرکاری فارمز پر اور 118پھولوں کے کاشتکاروں کے فارمز پر ٹیکنالوجی کی نمائش کے لیے لگائے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ 50 نمائشی پلاٹس جنوبی پنجاب میں بھی لگائے جائیں گے جہاں پر ٹیکنالوجی کی نمائش کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو کمرشل فلوریکلچر اور ایکسپورٹ کی تربیت فراہم کی جائے گی ۔