گوجرانوالہ، بے نامی جائیدادوں کی نشان دہی کے سلسلہ میں مکمل عمدرآمد یقینی بنایا جائے، شوکت علی

ہفتہ 7 ستمبر 2019 19:52

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2019ء) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب شوکت علی نے صوبہ بھر کے کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ بے نامی جائیدادوں کی نشان دہی کے سلسلہ میں وفاقی حکومت کی ترجیح کے مطابق مکمل عمدرآمد یقینی بنایا جائے اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز رواں ماہ کے اختتام تک بے نامی جائیداد مالکان کے حوالے سے اپنی رپورٹس صوبائی حکومت کو بھجوائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد ڈپٹی کمشنرزیہ سرٹیفکیٹ دینے کے بھی پابند ہونگے کہ نشان دہی کردہ بے نامی جائیدادوں کے علاوہ ان کے ضلع میں اور کوئی بے نامی جائیداد نہیں ہے اور رپورٹ کے بعد منظر عام پر آنے والے بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے متعلقہ افسران کو اس کی وضاحت دینا ہوگی ،انہوں نے یہ بات ڈویژنل کمشنرز کے ساتھ ایک ویڈیو لنک اجلاس میں کہی۔

(جاری ہے)

کمشنر گوجرانوالہ وقاص علی محمود کی نمائندگی ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ نعمان حفیظ نے کی۔ سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ بے نامی ایکٹ کے نفاذ کا مقصد کرپشن کے خلاف جاری اقدامات کو مزید تقویت دینا ہے اور اپنے معلوم ذرائع سے زائد اور فرضی مالکان کے نام پر جائیدادیں اور اثاثے بنانے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرپشن کے خاتمہ کے سلسلہ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوںنے واضح کیا کہ تمام متعلقہ افسران اس اہم قومی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پوری یکسوئی اور خلوص نیت سے کام کریں اور ان کی کوششیں صوبائي اور وفاقی سطح تک نظر آنا چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بے نامی مالکان کے خلاف کارروائی تیز کرنے کے سلسلہ میں ایف بی آر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں تین زون بنا کر کمشنرز بھی تعینات کردئیے ہیں جبکہ ضلع کی سطح پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، نمائندہ ایف بی آر اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز پرمشتمل تین رکنی کمیٹیاں بھی بنائی جارہی ہیں اور ہر پندرہ روز بعد ان کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز حکومتی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی کارروائیوں میں تیزی لائیں گے اور رواں ماہ تک بے نامی مالکان کا ڈیٹا بڑی حد تک مکمل کرلیا جائے گا۔اجلاس میں کمشنر سرگودھا، کمشنر ملتان، کمشنر لاہور اور دیگر افسران نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کویقین دہانی کرائی کہ حکومتی ترجیح پر مکمل عملدرآمد کے سلسلہ میں تمام ڈپٹی کمشنرز رواں ماہ کے اختتام تک اپنی رپورٹس جمع کرادیں گے۔