پرفارم نہیں کریں گے تو وزیراعظم کو گھر جانا پڑے گا: فردوس عاشق اعوان

سب کو پرفارم کرنا پڑے گا جو نہیں کرے گا وہ گھر واپس جائے گا پھر چاہے وہ وزیراعظم ہو یا وزیراعلیٰ: مشیر اطلاعات

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 7 ستمبر 2019 20:25

پرفارم نہیں کریں گے تو وزیراعظم کو گھر جانا پڑے گا: فردوس عاشق اعوان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 ستمبر2019ء) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر پرفارم نہیں کریں گے تو وزیراعظم کو بھی گھر جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سب کو پرفارم کرنا پڑے گا ورنہ جو کام نہیں کرے گا وہ گھر واپس جائے گا پھر چاہے وہ وزیراعظم ہو یا وزیراعلیٰ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صرف ایک پیمانہ پرفارمنس ہے جو نہیں دے گا وہ جائے گا۔

معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان آج لاہور وزیریاسمین راشد اور وزیراطلاعات میاں اسلم اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہی تھیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں یہ ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کے شعبے میں یہ ریفارمز بہت پہلے ہونی چاہیے تھی۔ مہذب معاشرے میں تبدیلی لانے کیلئے پیرا میٹرز لانے پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال جب بنے تو مختلف قوانین آتے رہے ہیں۔جب تک مسئلے کی جڑ کو نہ پکڑا جائے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں پرچی کی کوئی فیس نہیں ہے، فری علاج ، فری ٹیسٹ اور فری ادویات ہوں گی۔ ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں صحت کے شعبے میں دیے گئے پیسے صحیح طرح سےعوام پرخرچ ہوں۔ اگر ہسپتالوں کا سسٹم اچھا ہوتاتو اصلاحات کی ضرورت ہی نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 14 ہزار ڈاکٹرز میرٹ پر بھرتی کیے ہیں۔ کسی سرکاری ہسپتال کی نجکاری نہیں ہورہی۔ حکومت عوام پر پیسے خرچ کرے گی اور ہسپتالوں سے حساب کرے گی۔ اگرحکومت آپ کو نوکری دی رہی ہے تو آپ حکومت کے ملازم ہیں۔ ہر سال ہسپتالوں کی آڈٹ رپورٹ بنائی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے تحت لوگ نجی ہسپتالوں میں بھی علاج کرا سکتے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ سے 93 ہزار لوگ مستفید ہو چکے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سب کو کام کرنا پڑے گا ورنہ وہ نقصان اٹھائے گا پھر چاہے وہ وزیراعظم یا وزیراعلیٰ ہی کیوں نہ ہوں۔