ایران نے ایٹم بم بنانے کا آغاز کر دیا؟

ایران نے سینٹری فیوجز بنانے کے عمل کو فعال کردیا، اقدام سے ایران میں یورینیم کی افزودگی کی سطح میں اضافہ ہوگا، جدید سینٹری فیوجز کے استعمال سے ایران 20 فیصد سے زائد یورینیم افزودہ کرسکتا ہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 ستمبر 2019 23:51

ایران نے ایٹم بم بنانے کا آغاز کر دیا؟
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2019ء) ایران نے ایٹم بم بنانے کا آغاز کر دیا؟ ایران نے سینٹری فیوجز بنانے کے عمل کو فعال کردیا، اقدام سے ایران میں یورینیم کی افزودگی کی سطح میں اضافہ ہوگا، جدید سینٹری فیوجز کے استعمال سے ایران 20 فیصد سے زائد یورینیم افزودہ کرسکتا ہے۔ ایرانی خبر رساں اداروں سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ایران نے جوہری معاہدے سے اںحراف کیلئے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے جوہری معاہدے کے تحت جوہری تحقیق پر عائد پابندی سے دستبردار ہوتے ہوئے یورینیم افزودگی کیلئے سینٹری فیوجز تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اب ایرانی صدر کے اعلان کے بعد ایرانی نیوکلیئر ایجنسی نے سینٹری فیوجز بنانے کے عمل کو فعال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جوہری معاہدے کے تحت ایرانی ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پروگرام پر جو پابندیاں عائد کی گئی تھیں، ایرانی حکومت نے ایرانی نیوکلیئر ایجنسی کو ان پابندیوں سے آزاد کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ایران نے یورنیم افزدوگی کیلئے جدید تیز تر سینٹری فیوجز کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایرانی نیوکلیئر ایجنسی کے پاس ایسے 40 جدید سینٹری فیوجز اس وقت قابل استعمال ہیں۔ ان جدید سینٹری فیوجز کے استعمال سے ایران 20 فیصد سے زائد یورینیم افزودہ کرسکتا ہے۔ ان اقدامات کے بعد ایرانی حکومت کی جانب سے یورپی ممالک کو پیغام بھی دیا گیا ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ یورپی ممالک یاد رکھیں کہ جوہری معاہدے کو بچانے کیلئے اب ان کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ مئی 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے یورپی ممالک جوہری معاہدے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم اب ایران نے ان کوششوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بظاہر جوہری ہتھیاروں کے حصول کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔