بھارت کا چاند مشن ناکام ہونے پر امریکہ کی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کا ردِ عمل سامنے آگیا ہے

خلا ایک مشکل جگہ ہے، ہم بھارت کی اس کوشش کی تعریف کرتے ہیں، مستقبل میں مل کر ہم اس پر کام کر سکتے ہیں: ناسا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 8 ستمبر 2019 11:37

بھارت کا چاند مشن ناکام ہونے پر امریکہ کی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کا ردِ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 ستمبر 2019ء) بھارت کا چاند مشن چندریان ناکام ہونے پر امریکہ کی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کا ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔ ناسا نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’خلا ایک مشکل جگہ ہے، ہم چاند کے جنوبی پول پر جانے کی بھارت کی اس کوشش کی تعریف کرتے ہیں، آپ نے ہمیں اپنے سفر سے متاثر کیا ہے اور مستقبل میں مل کر ہم اس پر کام کر سکتے ہیں‘‘۔

 
 واضح رہے کہ جمعہ کے روز بھارتی ماہرین چاند کی سطح پر لینڈنگ کی کوشش کرنے والے روبوٹک خلائی جہاز وکرم سے رابطہ کھو بیٹھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چاند پر پہنچنے کا منصوبہ بالکل درست سمت کی جانب جا رہا تھا کہ عین لینڈنگ کے وقت اور چاند کی سطح سے محض 2 کلو میٹر کی دوری پر خلائی جہاز کا کنٹرول پینل سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہاں پر بیٹھے بھارتی وزیراعظم نریندی مودی سخت مایوسی کے عالم میں اُٹھ کر چلے گئے۔

(جاری ہے)

بھارت کے چندر یان ٹو مشن کی ناکامی سے بھارت کو 900 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس حوالے سے بھارتی خلائی مشن کے ڈائریکٹر کے سیوان نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک خلائی جہاز کا رُخ تبدیل ہوگیا۔ اب تک جو ڈیٹا حاصل ہوا اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ امریکہ، روس اورچین کے خلائی مشن چاند پرکامیاب لینڈنگ کرچکے ہیں۔

اب امریکہ کی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ نے بھارت کی اس کوشش کی تعریف کی ہے۔ دوسری جانب بھارت کی اس ناکامی پر بھارت کو اڑے ہاتھوں بھی لیا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کے چاند مشن کی ناکامی پر کہا ہے کہ چندریان سے رابطہ ختم ہونے سے بھارت کا 900ارب کا نقصان ہوا لیکن مقبوضہ کشمیر میں رابطے منقطع کرنے سے اس سے زیادہ نقصان ہو گا اور یہ نقصان صرف مالی نہیں ہو گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت کے چاند مشن کی ناکامی پر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا ایک اور چندریان ہوگا جس کی قیمت کئی گنا زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ جیسے بھارت کا چندریان مشن ناکام ہوا ایسے ہی مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بھی بھارت ناکام ہوگا اور اس میں بھارت کا کہیں زیادہ نقصان ہو گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتیوں کے ردعمل سے حیران ہوں جو مجھے اس مشن کی ناکامی کا ذمہ دار قراردے رہے ہیں۔