وزیراعظم عمران خان کی کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت

وزیراعظم کا کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر اظہارتشویش، ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے، کراچی معاشی حب ہے، پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار ستمبر 19:14

وزیراعظم عمران خان کی کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اورترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، علی زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا، رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، ارکان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل صدیقی اور ڈی جی فرنٹیرورکس آرگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک سمیت سیئنر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم ودیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے مسائل کے حل کے لیے فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی وزیرقانون، بحری امور، منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیواو و دیگرممبران پرمشتمل ہوگی۔ کمیٹی کومجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں سفارشات جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے۔ مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہرممکن کردار ادا کرے گی۔ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پرشدید تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت سے لے کرصحت کے معاملے تک شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ دوسری جانب مشیرماحولیات، قانون و ساحلی ترقی سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء علی زید ی کی کلین کراچی مہم سستی شہرت حاصل کرنے کا بہانہ اور سیاسی ڈرامے بازی تھی،صفائی مہم کے نام پر سیاسی مخالفین کو بدنام کرنے کی کوشش اور مہم چلائی گئی، اگر تحریک انصاف کے لوگ دوسروں کی خامیاں ڈھونڈنے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہوگا ویسے بھی تحریک انصاف نے اپنے ایک سال میں عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں ،تبدیلی کی رٹ لگانے والوں نے صرف اور صرف انتقام کی سیاست کو فروغ دیاہے ،کراچی کی عوام کا مینڈیٹ جن کے پاس رہاہے ان کی ناکامی کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ پیپلزپارٹی شہر قائد کی عوام کو اکیلا چھوڑ دیگی ،کراچی کی عوام یہ جان چکی ہے کہ علی زید ی کی کلین کراچی مہم سے کراچی کو شدید نقصان اٹھانا پڑا، وفاقی وزیر نے 48ہزار ٹن کچرا نالوں سے نکالنے کا دعوی کیا مگر صرف 12ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹس پر پہنچا۔