مزاحیہ اداکار امان اللہ خان اسپتال منتقل

پاکستانی تھیٹر کے معروف نام امان اللہ خان کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 8 ستمبر 2019 22:39

مزاحیہ اداکار امان اللہ خان اسپتال منتقل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2019ء) مزاحیہ اداکار اور پاکستانی تھیٹر کے معروف نام امان اللہ خان کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ روز قبل امان اللہ خان کو سینے میں تکلیف کے باعث ایک دوسرے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔ امان اللہ خان پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے بانیوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور پاکستان بھر میں ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

امان اللہ خان نے 860 تھیٹر پلیز میں کام کیا ہے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کے صاحبزادے امانت علی نے اپنے والد کے پرستاروں سے ان کی صحت یابی کےلیے دعائوں کی اپیل کی تھی۔ امانت علی نے بتایا تھا کہ ان کے والد کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہے جس کا علاج معالجہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری اپنے والد کے پرستاروں سے اپیل ہے کہ وہ ان کی جلد صحت یابی کےلیے دعا کریں اور مجھے قوی امید ہے کہ دعائیں اپنا اثر دکھائیں گی اور میرے والد بہت جلد دوبارہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

اس سے قبل اداکارشان شاہد نے بھی مداحوں سے کامیڈی اداکار امان اللہ کے لئے دعا کی اپیل کی تھی۔ اس سلسلے میں شان شاہد نے ٹویٹر پر کامیڈی اداکار امان اللہ کے لئے ایک جذباتی پوسٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے تمام مداحوں سے اپیل کرتے ہیں کہ امان اللہ کی صحت یابی کے لئے دعا کریں جو اس وقت دل کے عارضے میں مبتلا ہسپتال میں داخل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امان اللہ وہ ہستی ہیں جنہوں نے ہماری زندگیوں میں خوشیاں بکھیری ہیں۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بھی اداکار کے لاکھوں چاہنے والے ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔