سعودی شہری نے معمولی سی بات پر ہوٹل کی خاتون ریسپشنسٹ کی پٹائی کر دی

سعودی شہری نے جب خاتون کو گالیاں دیں تو اس نے کپ میں بھری کولڈ کافی اس پر پھینک دی، جس کے بعد سعودی نے اس کی مار پیٹ کی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 ستمبر 2019 12:41

سعودی شہری نے معمولی سی بات پر ہوٹل کی خاتون ریسپشنسٹ کی پٹائی کر دی
جزان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین، 9 ستمبر 2019ء) ایک سعودی مرد کی جانب سے خاتون ریسپشنسٹ سے گالم گلوچ اور مار پیٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس پر سعودی عوام بھڑک اُٹھے ہیں اور غیر مہذب شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک ہوٹل میں ریسپشنسٹ کی ذمہ داری نبھاتی ہے۔

جمعہ کے روز ایک سعودی شخص ہوٹل میں آیا اور اپنے لیے ایک کمرہ بُک کروایا۔ اتفاق سے اس وقت متعلقہ ملازم موجود نہیں تھا جس کا کام کمرہ بک کروانے والوں کو ان کے کمرے تک لے جانا ہوتا ہے۔ جس پر اس سعودی نے خاتون ریسپشنسٹ سے اصرار کیا کہ وہ اسے اس کے بُک کروائے گئے کمرے تک چھوڑ کر آئے۔ خاتون ریسپشنسٹ نے اسے صاف طور پر بتا دیا کہ یہ اس کی ذمہ داری میں شامل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ تھوڑی دیر انتظار کرے، متعلقہ ملازم آتا ہی ہو گا۔ بس اتنی سی بات پر سعودی شہری آپے سے باہر ہو گیا اور خاتون کو بُرا بھلا کہنے کے علاوہ اسے اور اس کے خاندان والوں کو گالیاں دینے لگا۔ خاتون کے مطابق وہ اپنی اور اپنے گھر والوں کی یہ توہین برداشت نہ کر سکی اور اپنے ہاتھ میں پکڑے کپ میں موجود کولڈ کافی اُس پر پھینک دی۔ اس کے بعد سعودی شخص نے مشتعل ہو کر اس کی پٹائی شروع کر دی اور اسے گھونسے بھی مارے۔

یہ سارا واقعہ وہاں پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گیا، جس کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی توعوام کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ جزان کے قائم مقام امیر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے بھی اس واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ خاتون سے بدتمیزی اور مار پیٹ کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ متاثرہ خاتون کو انصاف دلایا جا سکے۔ خاتون ریسپشنسٹ کا کہنا ہے کہ وہ خود کو توہین اور مار پیٹ کا نشانہ بنانے والے سعودی کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی اور اسے سزا دلوا کر ہی رہے گی۔ اس واقعے کے باعث وہ شدید خوف اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے۔