آموں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ

پیر 9 ستمبر 2019 13:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) رواں سیزن کے دوران ملک سے آموں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارت تجارت اوردیگرمتعلقہ اداروں کے اقدامات کے نتیجہ میں رواں سال پاکستان سے آموں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ آموں کی برآمدات سے متعلق مختلف ایسوسی ایشنز اور اداروں کے اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ ہفتے کے اختتام پر ملک سے سیزن میں آموں کی برآمدات کا حجم ایک لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا ہے اور آنے والے دو ہفتوں میں مزید 15 ہزار ٹن آموں کی برآمدات متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈیٹا کے مطابق 3 ستمبرتک ملک سے ایک لاکھ ایک ہزار 296 ٹن آموں کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 2011-12ء کے بعد پہلی مرتبہ آموں کی برآمدات ایک لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے گذشتہ سال ملک سے آموں کی برآمدات کا حجم 86 ہزار ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔ آموں کی برآمدات میں اضافہ کیلئے وزارت تجارت مختلف تجارتی ایسوسی ایشنز اور اداروں نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ رواں سیزن کے دوران مختلف ممالک میں پاکستانی ہائی کمیشنز اور سفارت خانوں میں آموں کی نمائشیں بھی منعقد کی گئیں جس سے آموں کی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :