Live Updates

ملکی بقاء اور جمہوریت کے استحکام کے لئے پائیدار معاشی استحکام انتہائی ضروری ہے ،افتخار علی ملک

پیر 9 ستمبر 2019 16:21

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی بقاء اور جمہوریت کے استحکام کے لئے پائیدار اور دیرپا معاشی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر نتائج کے حصول اور قابل عمل معاشی پالیسیاں اور حکمت عملی تیار کرنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت کو تمام فریقین کو اعتماد میں لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کارپوریٹ سیکٹر کے دیگر اعلی رہنمائوں کو پالیسیوں کی تیاری اور فیصلہ سازی میں اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پوری بزنس کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔ حکومتی وزراء، مشیران، ایف بی آر، سٹیٹ بینک کو بھی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی بزنس و تاجر کمیونٹی کو درپیش حقیقی شکایات کا ازالہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کساد بازاری کو مد نظر رکھتے ہوئے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد کو بحال کرنے میں معاون معاشی پالیسی کی ازسر نو تشکیل اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر حکومت کو بزنس کمیونٹی اور چھوٹے و درمیانے تاجروں کو مراعاتی پیکیج دینا چاہیے تاکہ تباہ حال معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ، کوریا ، چین ، فرانس ، جرمنی ، روس سمیت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک ایس ایم ایز کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں کیونکہ یہ معیشت کے استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

افتخار ملک نے کہا کہ ہماری برآمدات ہدف سے کم ہورہی ہیں، انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی مصنوعات کے لئے ایسی نئی منڈیاں تلاش کرنے کے لئے مارکیٹ ریسرچ کرائے جو معیار اور قیمت کے حساب سے ہمارے لئے مفید اور منافع بخش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ غیر ملکی خریداروں تک پاکستانی مصنوعات کی فراہمی اور وہاں تجارت سے متعلق معلومات کی متعلقہ فورمز تک فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ پاکستانی تاجر ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے کاروبار کو زیادہ سے زیادہ متنوع بنائیں اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں کو پاکستانی مصنوعات کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات اٹھاتے ہوئے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق نئی مصنوعات کا اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری بزنس کمیونٹی محب وطن ہے اور بروقت ٹیکس ادا کر رہی ہے اور جہاں کہیں ٹیکسوں کا تنازعہ موجود ہے صنعتی نمو کو متاثر کیے بغیر اس کو حل کیاجائے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات