وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر جنیوا پہنچ گئے، (آج)ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرینگے

وزیر خارجہ عالمی رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں نہتے کشمیریوں اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کریں گے

پیر 9 ستمبر 2019 19:20

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر جنیوا پہنچ گئے،ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی برائے جنیوا محترمہ تہمینہ جنجوعہ، جرمنی میں پاکستان کے سفیر احمد وڑائچ ،اقوام متحدہ میں پاکستان کی طرف سے قائم مقام مستقل مندوب حسین اندرابی اور پاکستانی مشن میں تعینات سینیئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ (آج) منگل کو ہیومن رائٹس کونسل کے بتالیسویں اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے ۔وزیر خارجہ ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں دنیا بھر سے تشریف لائے ہوئے مندوبین ،رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں نہتے کشمیریوں اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ اس مختصر دورہ کے دوران انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے اعلی عہدیداران سے بھی ملیں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔وزیر خارجہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ، عالمی ادارہ ء صحت (ڈبلیو ایچ او) اور او آئی سی کے نمائندگان سے بھی خصوصی ملاقاتیں کریں گے۔