وزیر صحت پنجاب نے بینظیر بھٹو ، ہولی فیملی اور ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈینگی کے علاج معالجے کے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیدیا

شہری ڈینگی کو عام نہ سمجھیں بروقت علاج نہ ہونے سے ڈینگی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے ،مرض کی علامات پر فورا سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کیا جائے ، ڈاکٹر یاسمین راشد

پیر 9 ستمبر 2019 19:55

وزیر صحت پنجاب نے بینظیر بھٹو ، ہولی فیملی اور ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے دورے کے دوران راولپنڈی کے تینوں ہسپتالوں بے نظیر بھٹو ہسپتال ، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈینگی کی روک تھام اور علاج معالجے کے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی و انتظامی عملے کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بہترین انتظامات پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعطیلات کے باوجود راولپنڈی کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ، نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی پر موجود ہے اور ڈینگی کے مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اجتماعی کا وشوں سے ہی ڈینگی پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ڈینگی کو عام نہ سمجھیں بروقت علاج نہ ہونے سے ڈینگی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے اس لئے مرض کی علامات پر فورا سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کیا جائے جہاں خصوصی ڈینگی کاونٹر قائم کئے گئے ہیں۔