عاشورہ محرم کی تعطیلات کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی الرٹ جاری رہیگا،چوہدری محمد علی رندھاوا

ہسپتالوں میں ڈاکٹرز بدستور ڈینگی وارڈ ز اور او پی ڈی میں خدمات سر انجام دیتے رہیں گے ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

پیر 9 ستمبر 2019 19:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کی تعطیلات کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی الرٹ جاری رہے گا۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز بدستور ڈینگی وارڈ ز اور او پی ڈی میں خدمات سر انجام دیتے رہیں گے ۔محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس کے لئے بھی سنیٹری پیٹرول ہیلتھ ورکرز اور یو سی ایم اوز پر مشتمل ٹیمیں تمام تحصیلوں میں متحرک رہیں گی اور ڈینگی لاروا تلفی کے اقدامات کے علاوہ ڈینگی مریضوں کے فوری علاج کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی ۔

پیر کے روز راولپنڈی کے ہسپتالوں میں شہر کے مختلف مقامات کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاو ا نے ڈینگی سرویلنس اور طبی سہولیا ت کا جائز ہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے شہری ممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں ۔گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں ،پانی کے جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارات کے ساتھ ساتھ گھروں کی چھتوں پر کاٹھ کباڑ اور پانی کی ٹینکیوں پر نظر رکھیں ، ڈینگی سرویلنس ٹیموں سے تعاون کریں ،مچھر مار ادویات کا استعمال کریں اور ڈینگی کے خدشے پر ہسپتال سے تفصیلی طبی معائنہ کرائیں تاکہ ڈینگی کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ تعطیلات کے دوران انسداد ڈینگی کے لئے تمام متعلقہ محکمے بد ستور اپنے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔