باجوڑ، یوم عاشورہ کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامیہ کے حفاظتی انتظامات مکمل

پیر 9 ستمبر 2019 21:00

باجوڑ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع باجوڑ میں بھی یوم عاشورہ محرم کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے انتہائی موثر حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے ضلع بھر میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی عائد کی ہے جبکہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کو بھی ممنوع قرار دیاہے۔

(جاری ہے)

مختلف بازاروں میں سینکڑوں کی تعداد میں لیویز اور فرنٹیر کور کے جوان تعنیات کیے گئے ہیں جبکہ مختلف شاہراہوںپر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ دریں اثناء ضلع باجوڑ کی دو بڑی اقوام ترکھانی اور اتمان خیل سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور مشران نے سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیاہے۔ یہ اعلان انھوں نے پاک آرمی کے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیر ملک غلام محمد اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود کے ساتھ منعقدہ ایک جرگہ میں کیا۔ عمائدین نے کہاکہ وہ کسی کو ضلع میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔