بھارت کشمیر پر قبضہ کرکے پاکستان کو بنجر بنانا چاہتاہے،ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے ، ہمارادشمن ایٹم بم سے نہیں جہاد سے ڈرتا ہے،6اکتوبر کو زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں کشمیر مارچ میں شریک ہوکر اپنے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے

سینیٹر سراج الحق کا لاہور میں کشمیر یکجہتی کنونشن سے خطاب

پیر 9 ستمبر 2019 21:05

لاہور۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر پر قبضہ کرکے پاکستان کو بنجر بنانا چاہتا ہے ،ہمارا جینا اور مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے ، ہمارادشمن ایٹم بم سے نہیں جہاد سے ڈرتا ہے،6اکتوبر کو زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں کشمیر مارچ میں شریک ہوکر اپنے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون لاہور میں یکجہتی کشمیر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف اور نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو مقتل گاہ بنا دیا ہے اور 36دنوں سے ایک کروڑ کشمیریوںکی سانس بند کررکھی ہے ۔لیکن کشمیر ی آزادی کیلئے جانیں ہتھیلی پر رکھ کر میدان میں کود پڑے ہیں ۔کشمیری بجاطور پر سمجھتے ہیں کہ آزادی کی تحریک ابھی نہیں یا کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ سکول کالجز اور مارکیٹیں بند ہیں ۔پانچ جمعتہ المبارک گزر گئے لوگ مساجد میں نہیں جاسکے ۔

بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہورہے ہیں ۔بین الاقوامی برادری بھی کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی گواہی دے رہی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے فضائی راستے بند اور ہر قسم کی تجارت ختم کرنے کا اعلان کیا جائے ۔سڑکیں اور ٹرین بند کی جائے ۔کشمیر کے مسئلہ کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنایا جائے اور اس کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری امت اور عالم اسلام کا مسئلہ ہے ۔یکجہتی کشمیر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بھارت کی غاصب فوج نے ہزاروں کشمیری مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا اور لاکھوں نوجوانوں کو شہید کیا ۔بھارت کے عقوبت خانوں میں لاکھوں کشمیر ی موت سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔