محرم الحرام کےاحترام میں دودھ سستا کرنے کی بجائے مہنگا کردیا گیا

کراچی میں95 روپے فی لیٹردودھ 140روپے میں فروخت ہونے لگا، مہنگائی میں پسی عوام مزید پریشانی سے دوچار، دودھ کی قیمت میں اضافہ فارمرز کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ دودھ فروشوں کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 9 ستمبر 2019 21:36

محرم الحرام کےاحترام میں دودھ سستا کرنے کی بجائے مہنگا کردیا گیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 ستمبر2019ء) شہر قائد میں محرم الحرام کے احترام میں دودھ سستا کرنے کی بجائے مافیا نے مہنگا کردیا، شہر میں95 روپے فی لیٹردودھ 140روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، دودھ فروشوں نے کہا کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ فارمرز کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محرم الحرام کے موقع پر دودھ فروشوں نے دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔

کراچی شہر میں95 روپے فی لیٹردودھ 140روپے میں فروخت ہونے لگا۔ جس پر لوگوں کو مہنگائی کی صورت شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محرم الحرام میں دودھ کی سبلیں لگائی گئی ہیں جس کی وجہ سے دودھ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ دودھ کی قلت کے پیش نظر مافیا نے بھی من مانے دام وصول کرنا شروع کردیے۔

(جاری ہے)

دودھ فروشوں کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ فارمرز کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دکانیں بھی صبح اور شام کے مخصوص اوقات میں چند گھنٹوں کیلئے کھولی جاری ہیں اور زیادہ تر دودھ من مانی قیمت پر مخصوص دکانوں پر فروخت کیا جارہا ہے۔ کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت تاحال 94روپے لیٹر مقرر ہے۔لیکن غیرسرکاری قیمت 110روپے لیٹر رائج کردی گئی ہے۔ عاشورہ کے دنوں میں قیمت 140روپے لیٹر تک پہنچ گئی ہے، ان حالات میں حکومتی انتظامیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

حکومتی مشنری اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں غائب ہیں، جبکہ لوگ مجبوری کے عالم میں مہنگا دودھ خریدنے کیلئے مجبور ہیں۔ مہنگائی کے پیش نظر لاہور میں بھی گوالوں نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، لاہور میں 75روپے لیٹر والا دودھ 90 روہے اور 100روپے لیٹر والا دودھ 110اور 120میں فروخت کیا جانے لگا ہے۔ لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔