پاکستان، بھارتی فوج اور عوام پر سمندر کے راستے حملہ کر سکتا ہے: بھارت کا نیا الزام

حملے کے لیے جیش محمد کے جنگجوؤں کو ’سمندر کی تہہ‘ میں ٹریننگ دی جارہی ہے: بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کا مضحکہ خیز بیان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 9 ستمبر 2019 21:52

پاکستان، بھارتی فوج اور عوام پر سمندر کے راستے حملہ کر سکتا ہے: بھارت ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09ستمبر 2019) بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کا ایک اور مضحکہ خیز بیان سامنے آیا ہے کہ پاکستان، بھارتی فوج اور عوام پر سمندر کے راستے حملہ کر سکتا ہے۔ بھارت نے نیا شاشہ چھوڑا ہے کہ حملے کے لیے جیش محمد کے جنگجوؤں کو ’سمندر کی تہہ‘ میں ٹریننگ دی جارہی ہے جو کہ بھارت کے کسی بھی سمندری علاقے کو نقصان پہنچائیں گے۔

بھارت نے الزام لگایا ہے کہ سمندر کی تہہ میں جیشِ محمد سے تعلق رکھنے والے 50 جنگجوؤں کو بھارتی فوج اور عوام پر حملہ کرنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ بھارتی فوج کے جنوبی کمانڈ کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ایس کے سینی نے کہا ہے کہ بھارت کے جنوبی حصے پر فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا جا سکتا ہے جس کے لیے سیکیورٹی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک جنگجوؤں کو سمندر کی تہہ میں تربیت دے رہا ہے۔

اس لیفٹیننٹ جنرل کے اس مضحکہ خیز بیان کے بعد کیرالہ پولیس نے بھی پھرتی دکھاتے ہوئے تمام اضلاع کے چیفس کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور ساحلی علاقوں پر پولیس کی پٹرولنگ اور پُرہجوم مقامات پر تعینات نفری میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نےبھی بتایا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا واقعہ کروا کے اسے جواز بنا کر پاکستان میں کارروائی کر سکتا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھاکہ پاک فوج بھارت کے ہر حملے جواب دینے کے لیے تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا مقبوضہ کشمیر کے حالات پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر جیل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ بھارت جعلی آپریشن کر کے کشمیر پر کارروائی کر سکتا ہے لیکن اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔