ڈالر کی قیمت میں 7.49 روپے کی کمی ہوگئی

28 جون کو کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 163 روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد 2 ماہ کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آئی

muhammad ali محمد علی پیر 9 ستمبر 2019 21:55

ڈالر کی قیمت میں 7.49 روپے کی کمی ہوگئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2019ء) ڈالر کی قیمت میں 7.49 روپے کی کمی ہوگئی، 28 جون کو کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 163 روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد 2 ماہ کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد خدشے کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے تک جا سکتی ہے۔

کہا جا رہا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت آئندہ سے حکومت مصنوعی طور پر ڈالر کی قیمت کنٹرول نہیں کرے گی۔ ڈالر کی قیمت مارکیٹ فورسز خود طے کریں گی۔ حکومت پر کرنسی فری فلوٹ کو یقینی بنائے گی جس سے ڈالر کی قیمت 200 روپے تک کی سطح تک چلی جائے گی۔ تاہم ان خدشات کے برعکس گزشتہ 2 ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جون کے ماہ کے آخر تک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 163 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم اس کے بعد روپے کی قدر میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اب 2 ماہ کے بعد ڈالر کی قیمت میں 7.49 روپے تک کی کمی ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 155 روپے سے کچھ زائد کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ معاشی ماہرین کی رائے میں پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مستحکم رہنے کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ہوئی ہے۔ اگر حکومت یوں ہی زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم رکھنے میں کامیاب رہتی ہے، تو ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگی۔ اور اگر ڈالر کی قیمت میں کمی ہوگی تو پھر اس سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ہوگی۔