نئے شناختی کارڈ یا ب فارم کے لئے برتھ سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کر دی گئی

قومی شناختی کارڈ کے فارم کی تصدیق کا طریقہ بھی تبدیل کر دیا گیا، نئی پالیسی کے تحت گزیٹڈ افسر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں، کارڈ ہولڈر والد یا بھائی یا فیملی ممبر ازخود فارم تصدیق کر سکے گا

پیر 9 ستمبر 2019 23:41

نئے شناختی کارڈ یا ب فارم کے لئے برتھ سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2019ء) نئے شناختی کارڈ یا ب فارم کے لئے برتھ سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کر دی گئی، قومی شناختی کارڈ کے فارم کی تصدیق کا طریقہ بھی تبدیل کر دیا گیا، نئی پالیسی کے تحت گزیٹڈ افسر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں، کارڈ ہولڈر والد یا بھائی یا فیملی ممبر ازخود فارم تصدیق کر سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کردیا۔

نادرا نے سابق اور آئندہ کے کونسلر اور چیئرمینوں کے پاس موجود سی این آئی سی کی تصدیق کا اختیار ختم کردیا۔ نادرا کے مطابق نئے شناختی کارڈ یا ب فارم کے لئے برتھ سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔ میٹرک کی سند، پاسپورٹ یا ڈومیسائل پہ کارڈ بن جائے گا‘ والد والدہ کے کارڈ کے ساتھ تاریخ پیدائش لکھ کر دیں‘ ب فارم بن جائیگا۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی شناختی کارڈ کے فارم کی تصدیق کا طریقہ بھی تبدیل کر دیا ہے نئی پالیسی کے تحت گزیٹڈ افسر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے‘ کارڈ ہولڈر والد یا بھائی یا فیملی ممبر ازخود فارم تصدیق کر سکے گا۔

نئی پالیسی میں میٹرک کی سند، پاسپورٹ، ڈومیسائل اور والدین کے شناختی کارڈ کا ہونا ضروری ہے۔ بیان کے مطابق خواتین کو قومی شناختی کارڈ بنانے کے لئے اب نکاح نامے کی ضرورت نہیں ہو گی، شوہر کے کارڈ پر بیوی کا نیا کارڈ بنے گا صرف 20 کا اسٹامپ پیپر لگانا ہوگا۔ قبائلی اضلاع کے رہائشی کسی بھی شہر سے قومی شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔ نادرا حکام نے نیا شناختی کارڈ بنانے کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کر دی جس پر آج سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

کارڈ گم ہونے پہ ایف آئی آر کی ضرورت نہیں اسٹامپ پیپر پر بیان حلفی گمشدگی جمع کرانے کے بعد نیا شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ قومی شناختی کارڈ وصولی کے لیئے اصل ٹوکن کے ساتھ خود دفتر جانا ہوگا‘ اگر کوئی رشتہ دار جائے تو اتھارٹی لیٹر اس سے لے کے جائے اور کارڈ مل جائیگا۔نئی پالیسی کے تحت نام تبدیلی کیلئے اخبارات میں اشتہار نہیں دینا ہو گا نئے کارڈ کے لیئے نادرا افسر انٹرویو کرے گا اور کمنٹس دے گا۔

متعلقہ عنوان :