وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جنیوا میں اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کمشنر میچل بشلٹ سے ملاقات‘ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

میچل بشلٹ کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا ہے‘ میچل بشلٹ

منگل 10 ستمبر 2019 23:05

جنیوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کمشنر میچل بشلٹ سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں اجلاس کے آغاز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنے اور کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ کرنے پر انسانی حقوق کمشنر میچل بشلٹ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے بیان سے بھارتی جبرو استبداد کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں انسانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے مسلسل کرفیو کے سبب ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہیں جس کے باعث اسپتال ، قبرستانوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمشنر کی طرف سے یکے بعد دیگرے سامنے آنے والی دو رپورٹس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے مگر ہندوستان آج بھی اسی روش پر قائم ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں بلکہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر سے ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو اور بعد ازاں ارسال کئے گئے دو مراسلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میچل بشلٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے بیان میں دو ٹوک انداز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی اور کرفیو کے فی الفور اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔