بھارت نے پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملے کی ایک اور کہانی گھڑ لی

بھارتی جنرل نے ٹوٹی پھوٹی کشتیوں سے خود ساختہ کہانی بنا ڈالی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 ستمبر 2019 11:12

بھارت نے پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملے کی ایک اور کہانی گھڑ لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2019ء) : بھارت نے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی ایک اور کہانی تیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سرکریک میں ممکنہ پاکستانی حملے کی جھوٹ پر مبنی ایک اور کہانی تیار کر لی ہے۔ بھارتی جنرل نے ٹوٹی پھوٹی کشتیوں سے خودساختہ کہانی بنا لی۔ پاکستان کو بدنام کرنے کی بھونڈی کوششیں کرنے والا ہمسایہ ملک بھارت اب یہ کہانی گھڑ رہا ہے کہ پاکستان سرکریک ریجن سے حملہ کرنا چاہتا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی سدرن کمان کے جنرل نے ٹوٹی پھوٹی کشتیاں ڈھونڈ کر جھوٹ کا ایک پلندا تیار کر لیا ہے۔ بھارتی سدرن کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایس کے سینی نے جھوٹی کہانی کے تانے بانے جوڑتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سرکریک ریجن میں ہم نے ٹوٹی پھوٹی کشتیاں تلاش کیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ان کشتیوں کے ذریعہ دہشت گردی کرنا چاہتا تھا، ہم سکیورٹی اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کا یہ جھوٹا واویلا ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے۔ جب جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کا اجلاس جاری ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کا شاندار مقدمہ عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان پر بھارت نے کئی جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کی پیشکش ہی کی۔

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور وہاں کرفیو نافذ کرنے کے بعد سے پاکستان نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی قلعی پوری دنیا کے سامنے کھول کر رکھ دی ہے اور ہر ممکنہ فورم پر بھارتی مظالم کے خلاگ بھرپور احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ہے۔ لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کسی طور تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ جس طرح بھارت نے پلوامہ حملے کا الزام عائد کر کے پاکستان کو دنیا کے سامنے بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی ویسے ہی اب بھی بھارت ایک مرتبہ پھر سے نئی چال چلنے اورایک نیا پروپیگنڈہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔