کیمیکلز کی برآمد پر پابندی،جنوبی کوریا کا جاپان کے خلاف عالمی ادارہ برائے تجارت جانے کا اعلان

بدھ ستمبر 11:53

کیمیکلز کی برآمد پر پابندی،جنوبی کوریا کا جاپان کے خلاف عالمی ادارہ ..
سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) جاپان کی جانب سے جنوبی کوریا کواس کی کمپیوٹر چپس اور ڈسپلے سکرینز کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کی برآمد پر پابندی لگانے کے باعث کوریا نے جاپان کے خلاف عالمی ادارہ برائے تجارت (ڈبلیو ٹی او ) میں شکایت درج کرانے کا اعلان کردیا۔ وزارت تجارت، صنعت اور توانائی کی ایک سینئر افسر یو میونگ ہی کے مطا بق جاپان سیاسی تنازعے پر جوابی کارروائی کے لیے تجارت کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، ہم پہلے مرحلے میں عالمی ادارہ برائے تجارت میں آج ہی (بدھ کو ) درخواست دائر کریں گے کہ وہ تنازعے کے خاتمے کے لیے جاپان کو دوطرفہ بات چیت کی طرف راغب کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاپان کی جانب سے جنوبی کوریا کو ترجیحی تجارتی شراکت داروں کی فہرست سے نکالنے پر ڈبلیو ٹی او میں اس کے خلاف باقاعدہ کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جاپان نے رواں سال جولائی میں تین مختلف کیمیکلز کی جنوبی کوریا کو فروخت پر پابندی عائد کردی تھی جنھیں جنوبی کورین کمپنیا ں سیمی کنڈکٹرز اور موبائل و ٹی وی سکرینز کی تیاری کے لیے استعمال کررہی تھیں، جاپان نے جنوبی کوریا پر سیکورٹی تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمیکلز فوجی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوسکتے ہیں،دوسری جانب جنوبی کوریا کا موقف ہے کہ جاپانی اقدامات نے اس کی برآمدات پر مبنی معیشت کوسخت متاثر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :