اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

بھارت نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے کپتان روحیل نذیر کی سنچری

بدھ 11 ستمبر 2019 12:04

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی
کراچی  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) سری لنکا میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ ٹائران فرنینڈو اسٹیڈیم موراٹوا میں کھیلا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ میں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔



میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے کپتان روحیل نذیر نے اور محمد حارث نے بھارتی باوٴلرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ کپتان روحیل نذیر نے 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

روحیل نذیر کو آکاش نے ایل بی ڈبلیو آوٴٹ کیا۔ محمد حارث نے 43 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگ میں 1 چھکا اور 2 چوکے شامل تھے۔ بھارت کی جانب سے اتھاروا انکولے کار نے 3کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔



306رنز کے تعاقب میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم مقررہ 46.4 اوورز میں245 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ کپتان روحیل نذیر 117 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد حارث نے 43 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے اتھاروا انکولے کار نے 3 اور ودیادر پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

اس سے قبل بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان دھرو چاند جوریل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔ میچ میں پاکستان کی پیس جوڑی نسیم شاہ اور عباس آفریدی نے مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

نسیم شاہ نے اپنے 10اوورز پر مشتمل کوٹے میں 52 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جبکہ عباس آفریدی نے 10 اوورز میں 72 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اسپن باوٴلر عامر علی نے47 رنز دے کر 1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا جبکہ محمد عامر نے 1 وکٹ حاصل کرکے 8 اوورز میں 40 رنز دئیے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگ کا آغاز کیا تو 38 کے مجموعی اسکور پر اوپنر سوید پارکر 3 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٴٹ ہوگئے جس کے بعد ارجن آزاد اورٹھاکر تلک ورما کے درمیان183رنز کی شراکت نے بھارتی ٹیم کا مجموعہ 221 اسکور تک پہنچادیا۔

ارجن آزاد نے 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے۔ ٹھاکر تلاک ورما نے 10 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 110 رنز بنائے۔ بھارت کی آخری 8 وکٹیں محض 73 رنز پر گریں۔

بھارتی ٹیم کے 6 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکے تاہم پاکستان نے میچ میں 24 اضافی رنز دئیے۔

اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اپنا اگلا میچ کویت کے خلاف 9 ستمبر بروز پیرکو کھیلے گا۔