Live Updates

خبردار! وزیراعظم کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس پر خود نظر رکھنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 ستمبر 2019 12:11

خبردار! وزیراعظم کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس پر خود نظر رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کے بعد پنجاب پولیس نے بھی بڑے پیمانے پر اُکھاڑ پچھاڑ کر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آئی جی پنجاب سمیت پولیس کے تمام اعلیٰ افسران کو اپنا رویہ بہتر کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ فیصلہ پنجاب پولیس سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے بعد کیا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں سے پنجاب پولیس کی ڈائریکٹ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پنجاب پولیس کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپناننے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب پولیس میں سفارشات کی بنیاد پر کام ہونے اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اُٹھنے کے بعد پولیس تشدد کے واقعات کی سوشل میڈیا اورالیکٹرونک میڈیا پر شدید تنقید کے بعد پولیس ملازمین نے اصلاحات کے لیے سوشل میڈیا پر مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ جس میں کہاگیا ہے کہ پولیس والوں کو سفارش کرنے کے لیے فون کر کے شرمندہ نہ کریں ، سفارشی کلچر کو ختم اور پولیس کے نظام کو ٹھیک کرنا ہے تو پہلے خود کو ٹھیک کریں ، پولیس ملازمین کی جانب سے فیس بک پر پوسٹیں لگانا شروع کر دی گئی ہیں ۔

اس مہم کے تحت پولیس افسران کا کہنا تھا کہ پولیس کی کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، پولیس بس قانون پر عمل کرے گی۔ جبکہ ڈی ایس پی عہدہ کے افسران ا ور ماتحت ملازمین نے کہا کہ جب بھی افسران تبدیل ہوتے ہیں اور نئے تعینات ہونے والے افسران اپنی پالیسی کے مطابق کام کرتے ہیں اور اسی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کے ماتحت ملازمین کام کرتے ہیں، اہلکاروں نے یہ الزام عائد کیا محکمہ پولیس میں ہمارا عہدہ سب سے کم ہے ہم صرف آرڈر کے پابند ہوتے ہیں ، حکم عدولی کریں تو معطل ہوکر پولیس لائن کا منہ دیکھنا پڑتا ہے ، ، غلط حکم دینے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع ہو جائے تو ہماری بھی حوصلہ افزائی ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات