غزل گائیک آصف مہدی شدید علالت کی وجہ سے نجی اسپتال میں داخل

آصف مہدی کے اہل خانہ کے مطابق انھیں کئی برس سے گردوں کا عارضہ لاحق ہے

بدھ 11 ستمبر 2019 12:56

غزل گائیک آصف مہدی شدید علالت کی وجہ سے نجی اسپتال میں داخل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) معروف غزل گائیک آصف مہدی کو شدید علالت کی وجہ سے نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا۔شہنشاہ غزل مہدی حسن کے صاحبزادے اور معروف غزل گائیک آصف مہدی کو شدید علیل ہونے پر شہر کے نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا، آصف مہدی کے اہل خانہ کے مطابق انھیں کئی برس سے گردوں کا عارضہ لاحق ہے، طبیعت خراب ہونے کی بنا پر انھیں اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے جہاں ان کے گردوں کا ڈائیلاسز کیا جارہا ہے۔

آصف مہدی کے دیرینہ دوست اورچیئر مین آرٹس فائونڈیشن فیصل ندیم نے گزشتہ روز گلوکار حسن جہانگیر، رئوف لالہ، غالب کمال اور شکیل صدیقی سمیت دیگر فنکاروں کے ہمراہ آصف مہدی کی عیادت کی۔ اس موقع پر فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ مہدی حسن خان صاحب کے فن کا تسلسل آصف مہدی نے جاری رکھا ہوا ہے، وہ بطور فنکار ملک کا سرمایہ ہے، عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ آصف مہدی کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آصف مہدی نے اپنے والد مہدی حسن خان کی طرح میرتقی میر، احمد فراز، قتیل شفائی، حفیظ جالندھری اور مرزا غالب کے کلام پرغزلیں گائی ہیں۔ آصف مہدی دنیا بھر میں شوز کے علاوہ سن 2009ء میں جگجیت سنگھ کے ہمراہ بھارت میں پرفارم کرچکے ہیں جبکہ سن 1999ء میں انھیں فنی خدمات پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :