بانی پاکستان عزم ، استقلال اور دانش کا پیکر تھے‘سردار مسعود خان

قائد اعظم محمدعلی جناح کی انتھک محنت ، بے مثل سیاسی بصیرت ، کردار کی پختگی ، مضبوط قوت ارادی اورراستبازی سے ہی ظہور پذیر ہو سکا‘صدرآزاد کشمیر

بدھ 11 ستمبر 2019 13:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) صدر آزاد جموںوکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ قیام پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائد اعظم محمدعلی جناح کی انتھک محنت ، بے مثل سیاسی بصیرت ، کردار کی پختگی ، مضبوط قوت ارادی اورراستبازی سے ہی ظہور پذیر ہو سکا۔ان کی ولولہ انگیز قیادت ہی کا اعجاز تھا کہ صرف سات سال کے قلیل عرصے میں سب سے بڑی اسلامی مملکت معرض وجود میں آئی۔

ہندو اورانگریز ہر گز نہیں چاہتے تھے کہ مسلمان کسی بھی طرح ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔ انہوں نے قدم قدم پر سازشوں کے جال بچھائے۔ یہ بانی پاکستان ہی کی ذات تھی جس نے ان کی ریشہ دوانیوں کو بھانپتے ہوئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان عزم ، استقلال اور دانش کا پیکر تھے وہ مسلمانوں کے عالمی راہنما، عظیم قانون دان اور تاریخ ساز شخصیت تھے۔ قائداعظم انگریز اور کانگریسی لیڈروں کی شاطرانہ چالوں سے بخوبی واقف تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ یہ دونوں عناصر مسلمانان برصغیر کو ہمیشہ کیلئے غلامی کی زنجیر میں جکڑے رکھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو دوقومی نظریہ سے روشناس کرایا اور 23مارچ1940کو قراردادپاکستان منظور کروا کر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد شروع کردی۔