قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا

اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں 50 سے زائد ممالک کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرنے کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 11 ستمبر 2019 12:39

قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید ..
سری نگر/جنیوا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر۔2019ء) قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے. تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے شوپیاں میں کشمیری نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا‘مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 38ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں.

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے. ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق 80 لاکھ کشمیریوں کے لیے ذرائع مواصلات 5 اگست سے بند ہیں، دنیا کوجاننے کی ضرورت ہے مقبوضہ کشمیرمیں کیا ہو رہا ہے‘ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کوانسانیت کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے.

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایکشن لیا جائے اور کشمیرکو بولنے دیا جائے، غیرمشروط طور پر کمیونی کیشن بلیک آﺅٹ ختم کیا جائے. دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہیومن رائٹس کونسل میں 50 سے زائد ممالک نے بھارت کے سامنے 5 مطالبات پیش کردیے. اقوامِ متحدہ کے تحت عالمی ادارہ برائے پناہ گزین کے تحت (ہیومن رائٹس کونسل) کے غیرمعمولی اجلاس میں 50 سے زائد ممالک نے مقبوضہ کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بھارت کے سامنے 5 مطالبات پیش کئے ہیں.

مشترکہ اعلامیے میں پہلا مطالبہ ہے کیا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں سے جینے کا حق نہ چھینے اور انہیں جینے دیا جائے‘ دوسرے مطالبے میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں مسلسل 38 روز سے جاری کرفیو فوری طور پر ختم کیا جائے‘تیسرے مطالبے میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی میڈیا کشمیر میں مواصلات کے کریک ڈاﺅن کی تصدیق کرچکا ہے اور کشمیر میں مواصلات کو یقینی بنایا جائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے.

چوتھے مطالبے میں کئی ذیلی مطالبات رکھے گئے ہیں جن کے تحت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کا تحفظ، آزادی اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن سمیت طاقت کے بے جا استعمال سے گریز کیا جائے. اسی کے ساتھ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے دورے کی اجازت دی جائے پانچواں اور اہم مطالبہ یہ کہتا ہے کہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار اختیار کیا جائے.