ایپل نے ٹی وی اسٹریمنگ سروس،تین کیمروں والا آئی فون متعارف کرادیا

تعارفی قیمت بھی گزشتہ سال کے 749 ڈالر کے مقابلے میں 699 ڈالر ،آج سے بکنگ شروع ہوگی

بدھ 11 ستمبر 2019 13:25

ایپل نے ٹی وی اسٹریمنگ سروس،تین کیمروں والا آئی فون متعارف کرادیا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) ایپل ان کارپوریشن نے پانچ ڈالر فی مہینہ میں ٹی وی اسٹریمنگ سروس اورتین کیمروں والا نیا آئی فون متعارف کرادیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایپل کا یہ اعلان کمپنی کی سال کی سب سے بڑی تقریب کے دوران سامنے آیا جہاں انہوں نے متعدد نئی مصنوعات متعارف کرائیں۔ایپل ٹی وی پلس اسٹریمنگ ٹیلی وڑن سروس 100 سے زائد ممالک میں نومبر کے مہینے سے دستیاب ہوگی تاہم یہ سروس اور ایپل آرکیڈ ویڈیو گیم سبسکرپشن چین میں دستیاب نہیں ہوگا۔

آئی فون، آئی پیڈ اور میک کے خریدار ایک سال کی مفت اسٹریمنگ ٹی وی کی سروس حاصل کرسکیں گے جس کی وجہ سے لاکھوں ناظرین کی توجہ اس سروس کی جانب مبذول ہوگی۔ایپل کا کہنا تھا کہ ان کا نیا آئی فون 11، دو بیک کیمروں کے ساتھ آئے گا جس میں الٹرا وائڈ اینگل لینس بھی شامل ہوگا جبکہ اس میں نیو جنریشن کی مائیکرو چپس اے 13 کا استعمال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی تعارفی قیمت بھی گزشتہ سال کے 749 ڈالر کے مقابلے میں 699 ڈالر رکھی گئی ہے۔اس سے مہنگے آئی فون 11 پرو کے پیچھے 3 کیمرے دیے گئے ہیں جن میں وائڈ اینگل، ٹیلی فوٹو اور الٹرا وائڈ شامل ہے، یہ فون ایک وقت میں تمام بیک اور فرنٹ کیمروں سے ویڈیوز بناسکتا ہے جس کی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے۔بڑی اسکرین والے آئی فون 11 پرو میکس کی قیمت 1 ہزار 99 ڈالر رکھی گئی ہے۔نئے فونز کا آرڈر کل (جمعہ ) سے لیا جائے گا جبکہ اس کی شپنگ 20 ستمبر سے کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :