عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجا گیا ڈورن نجران میں مار گرایا

بدھ 11 ستمبر 2019 13:32

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر نجران پر حملے کے لئے بھیجا جانے والا بغیر پائلٹ جاسوس طیارہ عرب اتحاد کی ایئر ڈیفنس نے مار گرایا۔سعودی قیادت میں یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں مددگار ومعاون عرب اتحاد کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈورن طیارہ نجران میں سویلین اہداف کو نشانہ بنانے کے مشن پر تھا کہ اسے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔

ائر ڈیفنس نے نجران کی فضائی حدود میں تین بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے فضا ہی میں ناکارہ بنا دیئے۔ ’’العربیہ‘‘ کو اپنے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ میزائل یمن کے حوثی باغیوں نے فائر کئے تھے۔یمن حکومت کی رٹ بحالی کے لئے سرکرم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کئی مرتبہ اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ڈرون طیاروں کے ذریعے سعودی عرب میں اہداف کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں بالخصوص عرب اتحاد عام شہریوں اور سویلین اہداف کو ان طیاروں سے محفوظ بنانے کے لئے بہترین وسائل اور ٹیکٹیکل طریقے بروئے کار لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حوثیوں کی جانب سے بار بار دہرائی جانے والے ناکام دہشت گرد کارروائیوں دراصل عرب اتحاد کے ہاتھوں انہیں پہنچائے جانے والے بھاری جانی اور مالی نقصان کا نتیجہ ہے۔