کشمیریوں کی آواز اٹھانے پر بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شاہ محمود

سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کی جانب سے اٹھنے والی بھرپور آواز نے بھارتی استبداد سے برسرپیکار لاکھوں کشمیریوں کے حوصلے بلند کر دیے، وزیر خارجہ

بدھ 11 ستمبر 2019 14:12

کشمیریوں کی آواز اٹھانے پر بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام ..
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز اٹھانے پر بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں سول سوسائٹی کی جانب سے ’’کشمیر-محاصرے میں‘‘کے عنوان سے منعقدہ مذاکرے میں شرکت کی ،مذاکرے کا اہتمام انسانی حقوق پر کام کرنے والی سول سوسائٹی آرگنائزیشن نے کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پانچ اگست سے مکمل لاک ڈاؤن ہے ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے تاکہ اصل حقائق سے دنیا کو بے خبر رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نہتے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی اور دنیا بھر کی توجہ اس نئے جنم لیتے ہوئے انسانی المیے کی طرف مبذول کروائی ۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کی جانب سے اٹھنے والی بھرپور آواز نے بھارتی استبداد سے برسرپیکار لاکھوں کشمیریوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور انہیں اب یہ مسئلہ اپنے حل کی طرف جاتا دکھائی دیتا ہے ،وزیر خارجہ نو سے گیارہ ستمبر تک ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے جنیوا میں موجود رہیں گے۔